موہن بھاگوت سے متھن چکرورتی کی ملاقات،سیاسی چہ میگوئیاں تیز

کولکاتہ:مغربی بنگال کے انتخابات سے پہلے متھن چکرورتی اورآر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کی ملاقات پرسیاسی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔میٹنگ کے بارے میں انہوں نے کہاہے کہ کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی ہے۔ اس سے پہلے بھی ہم ممبئی میں ملتے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاہے کہ ہم نے مل کر ناشتہ کیا۔ ذرائع کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی اسمبلی انتخابات سے قبل بالی ووڈ اداکارمتھن کو پارٹی میں شامل کرنا چاہتی ہے۔ آج صبح سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت ممبئی میں متھن چکرورتی کی رہائش گاہ پہنچے۔ دونوں کے مابین تقریباََ ایک گھنٹہ گفتگو ہوئی۔ جس کے بعد مغربی بنگال کا سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔دراصل متھن چکرورتی کو بائیں بازو کاقریبی سمجھاجاتا ہے۔ اس میٹنگ کے بعد انتخابی دہلیز پر کھڑے مغربی بنگال میں سیاسی پارہ بڑھ گیا ہے۔ یہ سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ کیا متھن انتخابات سے پہلے بی جے پی جاسکتے ہیں؟ اگرچہ اداکارکی طرف سے صرف رسمی ملاقات ہی کی بات کہی جا رہی ہے ، لیکن ماہرین اس کے تجزیے میں مصروف ہیں۔