مودی سرکار کا بڑا فیصلہ،آن لائن نیوز پورٹلز،فلمیں،ویب سیریز پر ہوگی حکومت کی نظر

نئی دہلی:مرکزی حکومت نے آن لائن میڈیا کی نگرانی کا بڑا فیصلہ لیا ہے۔ آن لائن نیوز پورٹلز ،آن لائن پروگرام اور ملک بھر میں چلنے والی آن لائن فلمیں اب وزارت اطلاعات و نشریات کی نگرانی میں ہوں گی۔ بدھ کے روز مرکزی حکومت نے آن لائن نیوز پورٹلز، آن لائن مواد فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز کو وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت لانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ کابینہ سیکریٹریٹ کے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے آن لائن فورمز پر دستیاب ‘کرنٹ افیئر’ مواد کووزارت اطلاعات و نشریات کے دائرۂ اختیار میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات امیزون اور نیٹ فلکس جیسے آن لائن پلیٹ فارم کی بھی نگرانی کرے گی۔
صدر رام ناتھ کووند کے دستخط شدہ اس نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہند نے آئین کے آرٹیکل 77 کی شق نمبر 3 میں شامل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے (کاموں کی تقسیم) ضابطہ1961 میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاع کے ساتھ ہی یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا۔ اس کے ساتھ ہی وزارت اطلاعات و نشریات کو یہ اختیار حاصل ہوگیا ہے کہ وہ فلم ، آڈیو ویژول اور خبروں سے متعلق پالیسیوں اور آن لائن فورمز پر دستیاب کرنٹ افیئر امور سے متعلق پالیسیوں کی نگرانی کرے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان اصولوں کو حکومت ہند (کاموں کی تقسیم) 357 ویں ترمیم 2020 کہا جائے گا اور ان پر فوری طورپر عمل درآمد کیا جائے گا۔