مودی کل اراکین پارلیمنٹ کے لیے کثیرمنزلہ فلیٹوں کاافتتاح کریں گے

نئی دہلی:وزیراعظم نریندر مودی 23 نومبر کو صبح 11 بجے اراکین پارلیمنٹ کے لیے تعمیرکیے گئے کثیر منزلہ فلیٹوں کا ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا بھی موجود ہوں گے۔یہ فلیٹ نئی دہلی میں ڈاکٹر بی ڈی مارگ پرواقع ہیں۔ یہ 76 فلیٹس تقریباً 80 برس سے زیادہ پرانے آٹھ بنگلوں کی زمین پر ازسر نو تعمیر کیے گئے ہیں۔ ان فلیٹوں کی تعمیرپرمنظور شدہ رقم کا 14 فیصد پیسہ کم خرچ ہوا ہے اور کووڈ-19 وبائی مرض کے باوجود کافی کم عرصے میں یہ کام مکمل کیا گیا ہے۔ان فلیٹوں کی تعمیر کے دوران گرین بلڈنگ تعمیر کے اصول کو مدنظر رکھا گیاہے۔ اس کے تحت منہدم کی گئیں عمارتوں سے نکلے کچرے سے تیار اینٹوں کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ تھرمل انسولیشن کے لیے دوہری گلیزڈ کھڑکیاں اور توانائی کی بچت کرنے والی ایل ای ڈی لائٹ فٹنگز، لائٹ کنٹرول کے لیے سینسر، کم بجلی کھپت یقینی بنانے کے لیے وی آر وی نظام سے آراستہ ایئر کنڈیشنر، پانی کی بچت کرنے والی کم بہائو والی ٹونٹیاں، بارش کا پانی جمع کرنے کا نظام اور شمسی پلانٹ لگائے گئے ہیں۔