مودی کابینہ میں شامل ہوگی نتیش کی پارٹی؟توسیع سے قبل ’حصے داری‘ کا مطالبہ

پٹنہ :پارلیمنٹ کے مونسون اجلاس سے قبل مرکزی کابینہ میں توسیع کی باز گشت سنائی دینے لگی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے وزراء کے کام کاج کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ادھر بہار کے سیاسی گلیارے سے ایک بڑی خبر آرہی ہے۔ ہفتہ کے روز جے ڈی یو کے قومی صدر آر سی پی سنگھ نے کہا کہ جے ڈی یو کو بھی مرکزی کابینہ میں حصہ ملنا چاہیے ۔ میڈیا سے ایک مختصر گفتگو میں آر سی پی نے کہا کہ این ڈی اے میں شامل تمام جماعتوں کو اس کے مطابق ’’ تکریم‘‘ ملنی چچاہیے۔اس سے قبل جمعہ کے روز آر جے ڈی سربراہ لالو یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے سابق وزیر اعلیٰ جتن رام مانجھی سے ملاقات کرکے ایک بار پھر سب کو حیران کردیا تھا سیاسی گلیارے میں اس میٹنگ کے مختلف معنی تراشے جارہے ہیں۔ اسے ماضی کے واقعات سے جوڑ کر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل مانجھی نے لالو پرساد اور رابری دیوی کو شادی کی سالگرہ پر مبارکباد دی تھی۔ لالو پرساد کے لئے مانجھی کی بڑھتی ہمدردی نے ان قیاس آرائیوں کو تیز کردیا ہے کہ نئی سیاست کا آغاز ہوگا، اگرچہ کوئی بھی اس کی تصدیق نہیں کرتا ہے۔