مودی کے وزیر بولے:وزیر اعظم کو بدنام کرنے کے لیے کچھ طاقتیں بیرونی ممالک کا سہارا لے رہی ہیں

نئی دہلی:کسا ن احتجاج سے متعلق امور پر وزیر رتن لال کٹاریانے کہا کہ ملک میں کچھ طاقتیں ایسی ہیں جو نہیں چاہتی ہیں کہ اس معاملے کا حل نکلے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اب اس قدر کم ظرفی پر اتر آئے ہیں کہ وہ حکومت کو بدنام کرنے کے لیے بیرونی ممالک کا سہارا لے رہے ہیں۔ حکومت کو بدنام کرنے کے لیے ریحانہ جیسی شخصیات کے ذریعے ٹویٹس کرائے جارہے ہیں۔ تاکہ حکومت بدنام ہو۔ مرکزی وزیر کٹا ریا نے کہا کہ وزیر اعظم اپیل کررہے ہیں کہ ہم مذاکرات کے لیے ایک ساتھ آئیں، ہر نکتے پر بات کریں۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ جہاں تک ممکن ہوگا کسانوں کے مطالبات پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 72-73 دن کی سرگرمیاں یہ بتارہی ہیں کہ کچھ طاقتیں ہیں جو مسئلے کاحل نہیں چاہتیں۔ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بدنام کرنے کی سازشیں کررہی ہیں ، خاص کر کانگریس پارٹی کافی دنوں سے مودی کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاہم انہیں اس میں کامیابی نہیں ملنے والی ہے کیونکہ پوری دنیا اور ملک مودی جی کو چاہتا ہے اور ہم اس مسئلے کو حل کرکے رہیں گے۔