متھن چکروتی بی جے پی میں شامل ہوئے، الیکشن نہیں لڑیں گے

کولکاتہ:مشہور فلمی اداکار متھن چکرورتی آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کولکاتہ کے بریگیڈپریڈ گراؤنڈ میں وزیر اعظم مودی کی ریلی کے اسٹیج پر بی جے پی کا پرچم بلند کیا۔اس درمیان انھوں نے کہاہے کہ کوئی حق چھینے گاتوہم کھڑے ہوجائیں گے۔ مغربی بنگال بی جے پی انچارج کیلاش وجے ورگیہ نے کہاہے کہ ہندی اور بنگلہ فلموں کے اداکار متھن چکروتی بی جے پی کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے۔در حقیقت بی جے پی نے جس بڑے بنگالی چہرے کو تلاش کیا تھا وہ آج پورا ہو گیا ہے۔متھن کا زعفرانی کیمپ میں پیش ہونا بائیں بازو کے پلیٹ فارم پر دیکھا جانے والا سب سے بڑایو ٹرن ہے۔دراصل بنگال کی انتخابی جنگ میں ایک بڑے دھماکے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ وزیر اعظم مودی کی کلکتہ میں پہلی ریلی ہے اور ممتا بنرجی کے محاصرے کا مکمل منصوبہ ہے۔ قیاس آرائی کا بازار کافی عرصے سے گرم رہا تھا۔ متھن چکرورتی کے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کے معنی بھی مسلسل تلاش کیے جارہے تھے۔ بی جے پی رہنما مسلسل یہ پیغام دے رہے تھے کہ کوشش جاری ہے۔کیلاش وجے ورگیہ جومتھن چکرورتی کو بی جے پی میں شامل کرنے کی مہم کے سربراہ تھے ، مستقل طور پر ایکشن میں تھے۔گذشتہ ہفتے کی شب کیلاش وجے ورگیہ نے ان سے ملاقات کی۔وجے ورگیہ نے ٹویٹ کیاہے کہ رات گئے دیر تک کولکاتہ کے سنیما کی دنیا کے مشہور اداکار متھن دا کے ساتھ طویل گفتگو ہوئی۔ ان کی حب الوطنی اور غریبوں سے پیار کی کہانیاں سن کرذہن سرشار ہوگیا۔