ہم اتنے غیر متمدن نہیں ہیں کہ کسی کی نیک خواہشات کو ٹھکرادیں۔ہم تو کھلے دشمن کی ایک مسکراہٹ پر بھی اپنا سب کچھ نچھاور کردیتے ہیں ۔ مگر ہمیں آپ کی "عید کی مبارکباد” قبول نہیں ہے مسٹر کجریوال!
آپ کی عید کی مبارکباد ہمیں اس لئے قبول نہیں ہے کہ:
1- آپ نے بی جے پی کے بدزبان کپل مشرا’ انوراگ ٹھاکر اور پرویش ورما کو دہلی کا ماحول خراب کرنے کی کھلی چھوٹ دی۔
2- انہوں نے مسلمانوں کے خلاف زہر اگلا مگر آپ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔تسلیم کہ آپ کے پاس پولس نہیں ہے۔لیکن آپ کے پاس ہوم ڈیپارٹمنٹ ہے’ آپ کے پاس لا ڈیپارٹمنٹ ہے۔آپ دہلی سرکار کی طرف سے ان تینوں کے خلاف FIR کراسکتے تھے۔آپ نے کنہیا کمار کے خلاف ” ملک سے غداری” کا مقدمہ چلانے کی اجازت تو دیدی لیکن ان تینوں کے خلاف ایک ورق کی شکایت درج نہیں کرائی۔
3- آپ نے 24 فروری کا مشرقی دہلی کا مسلم کش فساد برپا ہونے دیا ۔ آپ آج تک فساد زدگان سے ملنے یا ان کا حال پوچھنے نہیں گئے ۔
4- آپ نے بی جے پی کی اس تھیوری پر یقین کرکے اپنے ایک مسلم کونسلر کو برطرف کرکے گرفتار کرادیا کہ ایک آئی بی افسر کے قتل میں اس کا ہاتھ تھا۔جبکہ وہ اپنی بے گناہی کے کئی ٹھوس ثبوت پیش کرتا رہا۔
5- آپ نے مقتول آئی بی افسر کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا مگر جو بے گناہ شرپسندوں کی بھینٹ چڑھ گئے ان کی کوئی فکر آپ نے نہیں کی۔
6- 16 مساجد اور چار مزاروں کی بے مثال تباہی وبربادی کی گئی لیکن آپ نے ایک مسجد کا بھی دورہ نہیں کیا۔یہی نہیں آپ کا کوئی وزیر بھی اُدھر کو نہیں پھٹکا۔
7- دہلی سرکار نے لٹے پٹے لوگوں کے لئے کوئی کیمپ نہیں لگایا بلکہ جو کیمپ دہلی وقف بورڈ نے لگایا اسے آپ نے اپنی سرکار کے کھاتے میں ڈال لیا۔
8- لیکن جب آپ نے دیکھا کہ وقف بورڈ کا چیرمین ایک کروڑ کے آس پاس کا چندہ کرکے فساد زدگان کی مدد میں "حد” سے آگے بڑھ گیا ہے تو آپ نے ٹکنکل گراؤنڈ کا بہانہ لے کر اسے چیرمین شپ سے ہٹادیا۔60 تباہ حال گھرانے ایک ایک لاکھ کی نقد مدد سے محروم رہ گئے ۔
9- دہلی وقف بورڈ کے ائمہ کی پانچ مہینوں کی تنخواہیں کافی لیت ولعل اور بھاگ دوڑ کے بعد جاری کی گئیں لیکن درخواست کے باوجود آپ نے کوئی دلچسپی نہیں لی۔
10- دہلی وقف بورڈ کے غیر مستقل درجنوں ملازمین کی تنخواہیں آج تک ادا نہیں کی گئی ہیں ۔چیر مین کی ایما پر آپ نے جن غیر وقف مسجدوں کے ائمہ کی تنخواہوں کا الیکشن سے پہلے اعلان کیا تھا وہ تنخواہیں بھی اٹک گئی ہیں۔ آپ کے افسران کھلے طور پر بی جے پی کے اشاروں پر وقف بورڈ کو بدحالی کے غار میں ڈھکیلتے جارہے ہیں ۔
11- کورونا جیسی وبا کو آپ نے تبلیغی جماعت کا سہارا لے کر مسلمانوں کو مطعون کرنے کیلئے استعمال کیا ۔ اس پر چینلوں نے جو دہشت گردی مچائی اس کا زور کم کرنے کیلئے آپ نے کچھ نہیں کیا۔ پورے ملک میں آپ نے مسلمانوں کو نشانہ پر رکھوادیا۔
12- 30 فیصد کورونا پھیلانے کے الزام میں آپ نے جماعت کے جن دوہزار سے زائد افراد کو "پکڑا” تھا انہیں دومہینوں تک سینٹروں میں ستایا جاتا رہا۔ ان میں سے بیشتر کی رپورٹ منفی آنے کے بعد آپ نے نہیں بتایا کہ کتنے فیصد ٹھیک ہوگئے ۔
13- آپ نے نہیں بتایا کہ دہلی میں 70 فیصد کورونا آخر کس نے پھیلایا۔ لیکن 30 فیصد کا ذکر آپ نے خوب اہتمام سے کیا۔
14- دہلی میں آپ کی اس "زہریلی” پالیسی کے سبب مسلم سبزی فروشوں کے ساتھ تعصب برتا گیا’ مارپیٹ کی گئی۔ یہاں تک کہ ان کے پھل لوٹ لئے گئے مگر آپ نے نہ تو ان پریشان حال مزدوروں کا تحفظ کیا اور نہ ان کے حق میں دو بول بولے۔
15- مشرقی دہلی کے فساد زدگان پر لاک ڈاؤن کے دوران ایک اور قیامت ڈھائی گئی۔ نوجوانوں اور بچوں کو اٹھایا گیا ۔لیکن آپ نے لبوں کو جنبش نہیں دی۔
ایسے میں بتائیے کہ عید کی خوشیاں کون منائے گا؟
ابھی نہیں معلوم کہ آپ کے اور کتنے رنگ دیکھنے کو ملیں، ابھی تو مرکز کی بی جے پی حکومت کی طرح آپ کی حکومت کے پاس بھی کافی وقت ہے۔آپ سے جو امیدیں باندھی تھیں وہ مذکورہ 15 واقعات کے سبب ہوا ہوگئی ہیں ۔ ایسے میں بتائیے کہ ہم آپ کی خالی پھیکی مبارکباد قبول کرکے کیا کریں؟ یہ عید یوں بھی 60 دنوں کے جاں توڑ لاک ڈاؤن کے بعد آئی ہے اور لوگ عیدگاہ میں نماز ادا کرنے سے محروم ہیں تو وہ آپ کی مبارکباد قبول نہ کرکے کسی بڑے انعام سے محروم نہیں ہوجائیں گے۔
ہم نے شروع میں کہا تھا کہ ہم اتنے بھی غیر متمدن نہیں ہیں۔ سو ہم آپ کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ لٹے پٹے دلوں کی طرف سے جذبات واحساسات سے خالی عید کی مبارکباد ۔