محبت کیاہے؟
توجہ کی ایک نظریا دل کی کوئی لگن؟
آنسوئوں کی تجلی یا مسکراہٹوں کی روشنی؟
سرشاری کا کوئی لمحہ یاہجر کی کوئی کروٹ؟
مسرت کا کوئی پل یا اذیت کی کوئی ساعت؟
روح کا تعلق یاذہنی قربت؟
آنکھوں میں جھلملاتی سب کچھ پالینے کی چاہت؟
یا تنہا ئی میں خاموشی سے سلگنے کی کیفیت ؟
محبت کیاہے؟
ایک پھول…ایک چراغ…ایک خوشبو…
اظہاروبیان کے تمام ترپیمانوں سے بالاتر…لہجوں ‘رویوں سے نمایاں ہونے والا ایک خوبصورت احساس!
محبت‘ اپنی ماں کے چہرے کی جھریوں میں‘ کسی رنج کی لکیر کودیکھ کر بے چین ہوجانے والی ایک نظرہے۔ محبت‘ تشویش کا وہ لمحہ ہے ‘جب ماں‘بچے کے انتظار میں اپنی آنکھیں‘ دہلیز پر رکھ کر بھول جائے۔محبت ‘ایک باپ کی تھکن ہے۔ صحرا کاسفر ہے ۔اپنوں کی آسودگی کی خاطر‘ پردیس میں عمر گنوانے کا نام ہے۔محبت‘ خوف کا وہ عالم ہے‘ جب کوئی ‘کسی اپنے کی سلامتی کے تئیں سوچ کر کپکپانے لگے۔ محبت وہ دعا ہے‘ جس کے زبان پر آنے سے قبل‘ وہ چہرے تصور میں آجائیں‘ جوبے حدعزیزہیں۔محبت ‘کسی بزرگ کی شفقت کا وہ لمس ہے ‘ جس کی تاثیر‘ وقت کی تیزروی بھی زائل نہ کرسکے۔
محبت ‘احساس ہے ‘ایک خوبصورت احساس!