معیاری تخلیقی ادب کی ترویج و اشاعت اردو کونسل کی ترجیحات میں شامل:شیخ عقیل احمد

قومی اردو کونسل کے تخلیقی ادب پینل کی آن لائن میٹنگ

نئی دہلی: قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کونسل کے تخلیقی ادب پینل کی آن لائن میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اردو کونسل ہندوستان ہی نہیں عالمی سطح پر اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے کام کرنے والا ایک بڑا ادارہ ہے جو اپنی ذمے داریوں کو محسوس کرتے ہوئے مسلسل اردو کی ترقی و ترویج کے لیے نئے نئے اقدامات کررہا ہے اور اردو زبان کی مقبولیت و شہرت کے دائرے کی توسیع میں سرگرم ہے۔ انھوں نے کہا کہ کونسل کے پیش نظر اردو زبان کے ساتھ معیاری تخلیقی ادب کی اشاعت بھی ہے اور اسی وجہ سے باقاعدہ تخلیقی ادب پینل تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت اردو زبان میں تخلیق کیے جانے والے ادب کاجائزہ لینے کے بعد معیاری تخلیقات کو کونسل کے زیر اہتمام شائع کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کونسل دیگر زبانوں میں تخلیق کردہ بہترین افسانے،ناول اور کہانی وغیرہ کے تراجم بھی شائع کرتی ہے اوریہ سلسلہ ہم آیندہ بھی مزید پختگی کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
تخلیقی ادب پینل کی اس میٹنگ میں ترجمہ و تخلیق کے مختلف پروجیکٹس کا جائزہ لیا گیااور اتفاق رائے سے انھیں جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا،نیز تخلیق و ترجمہ سے متعلق نئے پروجیکٹس پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ کونسل کے ڈائریکٹر نے تمام ممبران کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور ان سے اپیل کی کہ وہ معیاری ادب کے انتخاب و اشاعت کے سلسلے میں ذاتی طورپر بھی اپنی تجاویز پیش کریں کہ بچوں اور بڑوں کے لیے کس قسم کی کتابیں شائع کی جانی چاہئیں۔
میٹنگ میں پینل کے چیئر مین جناب وحشی سعید،جناب شموئل احمد، محترمہ مہرافروز، جناب بلراج بخشی، محترمہ سلمی صنم،جناب شبیر احمد، جناب ملک زادہ جاوید، ڈاکٹر کلیم اللہ (ریسرچ آفیسر)، آبگینہ عارف (ٹیکنکل اسسٹنٹ)،افضل حسین خان(ریسرچ اسسٹنٹ) وغیرہ موجود تھے۔