میں وزیراعلیٰ رہ چکا ہوں،اب نائب وزیراعلیٰ یاصرف وزیرنہیں بن سکتا:جیتن رام مانجھی

پٹنہ:بہارمیں این ڈی اے نے حکومت سازی کا عمل شروع کردیا ہے۔ جمعرات کے روز ہندوستانی عوام مورچہ کے سربراہ اورریاست کے سابق وزیراعلیٰ جیتن رام مانجھی نے نتیش کمار سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد جیتن رام مانجھی نے کہا کہ اب وہ وزیر بننا نہیں چاہتے ۔جتن رام مانجھی نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ کے عہدے پر رہے ہیں ، ایسی صورتحال میں میں کسی وزارت میں نہیں جاؤں گا۔ بہت سے سابق وزیراعلیٰ نے یہ کام کیا ہے ، لیکن ہم یہ پسند نہیں کریں گے۔یہ بھی ہوسکتاہے کہ اگریوپی اے ان کے فرزندکونائب وزیراعلیٰ کی پیش کش کردے تودوسری طرف بھی جانےکا امکان بن سکتاہے۔ جتن رام مانجھی نے کہا کہ ہم کوئی مطالبہ نہیں کررہے ہیں۔الیکشن سے قبل ہی ہم بغیر کسی شرط کے این ڈی اے میں شامل ہوگئے تھے۔قابل غور بات یہ ہے کہ جتن رام مانجھی 2014 سے 2015 تک بہارکے وزیراعلیٰ تھے ، جب نتیش نے اس عہدے سے استعفیٰ دے کر مانجھی کو اقتدار سونپ دیا تھا۔پھرانتہائی بے وقعتی کے ساتھ ان کواقتدارسے ہٹایاگیا۔