جامعہ خدیجة الکبری، مدھوبنی میں معمار ملت کانفرنس و تقریب افتتاح بخاری شریف، سرکردہ علماے کرام کا خطاب

اطاعت خداوندی،اور حب رسول کی عملی تصویر ہیں حضرات صحابہ:قاضی عمران قاسمی

مدھوبنی(عبدالخالق قاسمی): جامعہ خدیجة الکبری ملکانہ مدھوبنی میں یک روزہ معمار ملت و تقریب افتتاح بخاری شریف کا انعقاد کیا گیا۔اس پروگرام میں شمالی بہار کے  مشہور و معروف علماء کرام نے شرکت کی۔ کانفرنس کی سرپرستی کر رہے مولانا شوکت قاسمی ناٸب ناظم جامعہ فاطمة الزہرا نرہرپور غازی پور سیتامڑھی نے عوام الناس سے خطاب کرتے ہوٸے کہا کہ مسلمان اپنا رشتہ اللہ اور اس کے رسول سے جوڑیں اور اپنے اندر اخلاص پیدا کریں۔انبیاے کرام اور صحابہ کی سیرت کا مطالعہ کریں اور اس وصف کو اپنے اندر پیدا کریں۔انسانوں کو صحیح طریقے پر زندگی گزارنے کے لیے دو  چیزوں کی ضرورت ہے ایک قرآن مجید  دوسری سنت رسول اللہ ، جو شخص بھی قرآن کریم اور جناب رسول للہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقے پر عمل کرکے زندگی گزارےگا وہ کامیاب ہوگا۔ مولانا اشتیاق اعظمی ناظم مرکزی قاسم العلوم حسن پور برہروا سیتامڑھی نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ اللہ کا بہت بڑا احسان اور کرم ہے کہ اس نے ہمیں مسلمان بنایا ہے مسلمان کسی کے لئے خطرہ نہیں ہوتا مسلمان خود بھی امن میں ہوتا ہے اور دوسروں کو بھی مامون رکھتا ہے، اپنے آپ کو اللہ کے حکم کے تابع کردینا مسلمان ہونے کا مطلب ہے اللہ کی شان بڑی ہے ، اللہ بڑی عظمتوں کا مالک ہے اور انسان ہونے کا تقاضا ہے کہ اپنے آپ کو اللہ کے حکم کے تابع کردیا ہے، اللہ کے بتائے ہوئے طریقہ پر عمل کریں۔ انہوں نے امام بخاری رحمة اللہ علیہ کی سوانح پر مختصر روشنی ڈالتے ہوٸے کہاکہ بخاری کو ترتیب دینے میں امام بخاری نے جتنی تکلیفیں برداشت کی ہیں ہم برداشت نہیں کر سکتے۔قرآن شریف کے بعد سب مقبول کتاب بخاری شریف ہے یہ امام صاحب کے خلوص و للہیت کی برکت ہے۔اس موقع پر جامعہ خدیجة الکبری ملکانہ کی 6 طالبات کو حضرت مولانا قاضی عمران صاحب قاسمی قاضی شریعت دارالقضا امارت شرعیہ نے بخاری کا افتتاح کرایا، اس دوران انہوں نے فرمایا کہ جو حدیث پڑھتے یا پڑھاتے ہیں ان سے زیادہ درود پڑھنے والا کوٸی نہیں ہے۔جو درود زیادہ پڑھتا ہے وہ نبی کے زیادہ قریب ہوتا ہے۔ اس موقع پر جامعہ خدیجة الکبری کی طالبات نے خوبصورت ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا۔اس کانفرنس کی نظامت جامعہ کے ناظم مولانا محمد علی قاسمی نے کی۔نبی کی شان میں مدح سراٸی دانش کمال سرگم اور مولانا اسلم نے کی ، جسے سامعین نے خوب سراہا اور دادو تحسین سے نوازا۔اس مبارک موقع پر معزز علماے کرام کے ہاتھوں نو تعمیر ہاسٹل بنام رواق صدیق کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ قاضی عمران صاحب قاسمی کی دعا پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا عبدالخالق قاسمی مدرسہ طیبہ منت نگر مادھوپور، مفتی حسن الرحمن ندوی ناظم جامعہ غفرانیہ بسیٹھا، مفتی مہتاب قاسمی۔ناظم دارالعلوم حمیرا للبنات آواپور، عنایت اللہ ندوی اینگلو عربک اسکول میگھون، مولانا شاہد حسن ناظم جامعہ عاٸشہ مکھیا کے علاوہ گاؤں و علاقہ کے سرکردہ لوگوں نے شرکت کی۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں جامعہ کے استاذ جاوید ثاقبی، مولانا سرفراز قاسمی، مولانا عاشق الہی، ماسٹر محمد جمال سمیت گاوں کے معزز حضرات نے اہم رول ادا کیا۔