Home متفرقاتمراسلہ میڈیکل انشورنس کیوں ضروری ہے ؟ – مسعودجاوید

میڈیکل انشورنس کیوں ضروری ہے ؟ – مسعودجاوید

by قندیل

جب سے کارپوریٹس نے تعلیم اور صحت کے میدان میں انویسٹمنٹ کرنا شروع کیا ہے پرائیوٹ اسکولوں اور ہسپتالوں میں تعلیم اور علاج کافی مہنگے ہو گئے ہیں۔

گرچہ ابھی تک ہمارا ملک عزیز ایک رفاہی ریاست ہے جس کی بنیادی ذمے داری عام لوگوں کو تعلیم، علاج، بجلی ، پانی ، سڑک اور ادنیٰ طبقات کی قوت شرا کو مدنظر رکھتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتیں مہیا کرانا ہے لیکن یہ خصوصیات ایک سوشلسٹ ریاست کی ہیں اور ہمارا ملک اب کیپیٹلسٹ اسٹیٹ ہونے کی طرف گامزن ہے۔

پرائیوٹ اسکول کو نہ جانے کیوں پبلک اسکول کہا جاتا ہے !

ان اسکولوں میں فیس اور اس کے ساتھ کے لوازمات جیسے نصاب کی کتابیں، اسکول، بیگ اور یونیفارم وغیرہ ان اسکولوں سے ہی خریدنے کے لیے والدین کو مجبور کیا جاتا ہے۔ ظاہر ہے بازار سے زیادہ قیمت یا فرضی ایم آر پی پر یا بازار کے برعکس ،کسی ڈسکاؤنٹ کے بغیر ۔ یہ سارے مالی منفعت کے کام اسکول انتظامیہ کرتا ہے صرف ٹیوٹر کی تقرری آپ کے لیے چھوڑا جاتا ہے۔

پرائیوٹ ہسپتالوں کا معاملہ اور بھی ابتر ہے وہ اس طرح کہ گرچہ سرکاری ہسپتالوں اور ان کے کام چور کرمچاریوں کے برعکس پرائیوٹ ہسپتال زیادہ منظم ، صاحب ستھرا اور آپ کا استقبال کے لیے مستعد عملہ فائیو اسٹار نہیں تو کم از کم تھری اسٹار ہوٹلوں جیسی سروسز دیتے ہیں لیکن ان کے عوض وہ خطیر رقم بھی وصول کرتے ہیں۔‌

جب سے حکومت نے مختلف طبقات کو انشورینس کارڈ ایوشمان اور پرائیوٹ کمپنیوں اور کارپوریٹس نے اپنے عملہ کو انشورینس کوریج دینا شروع کیا ہے اس وقت سے ان پرائیوٹ ہسپتالوں نے اپنا اعلیٰ نرخ اسی کے مطابق طے کر رکھا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے یہاں بغیر انشورینس کوریج کا کوئی مریض نہ پہنچے ۔ اگر پہنچتے ہیں تو ان سے بھی وہی خطیر رقم وصول کی جاتی ہے۔

خط افلاس پر یا اس سے نیچے اوپر والے، جن کے پاس آیوشمان کارڈ ہے یا جو سرکاری یا کارپوریٹ کمپنیوں میں ملازمت کرنے کی وجہ سے انشورینس کوریج اسکیم کے حصے ہیں، کے علاوہ جو طبقات ایسی کسی اسکیم کا جز نہیں ہوتے ہیں ان کے لیے پرائیوٹ ہسپتالوں میں علاج کرانا کافی مہنگا ہوتا ہے ۔

اس لیے ایسے لوگوں کو میڈیکل انشورنس کرا لینا چاہیے ۔ علاج کوئی بلیٹ ٹرین کا سفر نہیں ہے کہ آپ چاہیں تو اس مہنگی ٹرین میں سفر کریں یا عام ریل گاڑی میں۔ اچھا علاج کے لیے بہر حال آپ کو اچھے ہسپتال جانا ہوگا اور اس کے اخراجات کے لیے ان ہسپتالوں میں رائج روش کے مطابق انشورینس کرانا ہوگا تاکہ اس انشورینس کمپنی سے آپ میڈیکل کلیم لے سکیں۔ اس کے لیے آپ کو کچھ کرنا نہیں ہوتا ۔‌ ہر پرائیوٹ ہسپتال میں اس کا باضابطہ دفتر یا کاؤنٹر ہوتا ہے وہ آپ کی ساری کارروائی پوری کرتا ہے کیا خرچ ہوگا آپ کو ٹینشن لینے کی ضرورت نہیں ہے آپ بس علاج کرائیں ۔

You may also like