علی گڑھ:جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے میڈیسن شعبہ میں 55؍سال کے بعد ایم ڈی (جنرل میڈیسن) کورس میں تعلیمی سال 2020-21ء سے اب 21؍طلبہ کا داخلہ ہوگا ۔ اس شعبہ میں سن 1965ء میں ایم ڈی کی 12؍سیٹیں تھیں جس میں تقریباً دو گنا اضافہ ہوا ہے۔ میڈیسن شعبہ کے سربراہ پروفیسر مجاہد بیگ گزشتہ ڈھائی برس سے سیٹوں میں اضافے کے لئے فکر مند تھے۔ انھوں نے کہاکہ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی کاوشوں سے یونیورسٹی کے صدی سال میں یہ ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور سیٹوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا ’’شعبۂ میڈیسن اب علی گڑھ اور آس پاس کے اضلاع جیسے ہاتھرس، کاس گنج، ایٹہ، بلند شہر، امروہہ، مرادآباد، سنبھل وغیرہ سے آنے والے مریضوں کو مزید بہتر طبی سہولیات فراہم کرسکے گا۔ شعبہ میں پی جی کرنے والے طلبہ وطالبات کو بھی بہتر سہولیات میسر ہوں گی‘‘۔پروفیسر بیگ نے یونیورسٹی رجسٹرار، فائننس افسر، ڈین فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل جے این ایم سی کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے چار مختلف مواقع پر میڈیکل کونسل آف انڈیا (ایم سی آئی) کے معائنہ کے دوران بھرپور تعاون کیا۔ پروفیسر بیگ نے بتایا کہ فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین اور جے این ایم سی کے پرنسپل دفتر کو میڈیکل کونسل آف انڈیا، وزارت صحت و کنبہ بہبود، حکومت ہند کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر راکیش کمار وتس کی جانب سے سیٹوں میں اضافہ کا مکتوب موصول ہوگیا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس سلسلہ میں کہاکہ ایم ڈی کی سیٹوں میں اضافہ بانیٔ درسگاہ سرسید احمد خاں کی جدید سائنسی تعلیم کی فکر کو ایک شاندار خراج عقیدت ہے جنھوں نے اپنی پوری زندگی لوگوں میں سائنسی رجحان، معروضیت اور ناقدانہ فکر کی ترویج کے لئے وقف کردی تھی۔ وائس چانسلر نے اے ایم یو کے صد سالہ جشن کے موقع پر ایم ڈی کی سیٹوں میں اضافے کے لئے وزارت صحت و کنبہ بہبود کا بھی شکریہ ادا کیا ۔