مزدوروں کےلیے خصوصی ٹرینوں کےلیے ریاستی حکومتوں سے 430 کروڑ روپے کرایہ وصول کیا گیا:وزیر ریلوے

نئی دہلی:ریلوے کے وزیر پیوش گوئل نے بدھ کے روز لوک سبھا میں کہا کہ یکم مئی سے 4621 خصوصی ٹرینیں چلانے کے لیے ریاستی حکومتوں اور ان کے نمائندوں سے کرایہ کے طور پر 433 کروڑ وصول کیے۔ انہوں نے ایوان میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ یکم مئی سے 31 اگست کے درمیان ملک میں 4621 خصوصی ٹرینیں چلائی گئیں جن میں 63.19 لاکھ افراد نے سفر کیا۔ اس سے قبل، وزارت ریلوے نے کہا تھا کہ ریاستی حکومتیں مزدور ٹرینوں کو چلانے کے لئے لاگت کا 15 فیصد ادا کریں گی اور 85 فیصد اخراجات خود ریلوے برداشت کرے گی۔ گوئل نے کہا کہ ریلوے نے شرمک اسپیشل ٹرینوں کے لئے مسافروں سے براہ راست کوئی کرایہ نہیں لیا، البتہ ریاستی حکومتوں اور ان کے نمائندوں نے انہیں ادا کیا۔ ان کے مطابق ریاستی حکومتوں اور ان کے نمائندوں کو کرایہ کے طور پر 433 کروڑ روپے ملے۔