مولانا سجاد میموریل اسپتال امارت شرعیہ میں کووڈ۔19ویکسنیشن مہم کے تحت عوامی نمائندوں کے ساتھ اہم نشست

پھلواری شریف: مولانا سجاد میموریل اسپتال امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے زیر اہتمام کووڈ۔19بیداری مہم کے تحت سرکاری افسران اور عوامی نمائندوں کے ساتھ ایک اہم نشست جناب مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب قائم مقام ناظم امارت شرعیہ کی صدارت میں آج مورخہ05-06-2021کو سہ پہر چار بجے امارت شرعیہ کیمپس میں منعقد ہوئی ، اس نشست میں سماجی دوری کا مکمل خیال رکھا گیا ۔

اس نشست میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے کہا کہ ہم سب کے علم میں اچھی طرح یہ بات ہے کہ اس وقت ملک کورونا وائرس یعنی کووڈ۔19 کے مشکل دور سے گزر رہا ہے ، دوسری ریاستوں کے ساتھ ساتھ بہار بھی اس وبا سے بری طرح متاثر ہے ۔ اس وبا کی روک تھام اور اس سے متاثر مریضوں کے علاج کے لیے جو بھی سرکاری یا نجی سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں ہم اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ، سرکاری مشینری اور ڈاکٹروں کی جرأت مندانہ خدمات کی امارت شرعیہ شکر گزار ہے ۔

امارت شرعیہ اور اس کی خدمات سے سبھی لوگ واقف ہیں ، امارت شرعیہ بہار ، اڈیشہ و جھارکھنڈ ایک مذہبی ، سماجی اور فلاحی ادارہ ہے ، جو سو سالوں سے تعلیم و صحت کے ساتھ ساتھ مختلف میدانوں میں انسانیت کی بنیاد پر ملک و سماج کی بے لوث خدمت بغیر کسی تفریق کے کرتا آرہا ہے ،کووڈ۔19وبا کی پہلی لہر کے دوران گزشتہ سال بھی امارت شرعیہ نے لوگوں کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا ، لگاتار اخباروں ، الیکٹرونک میڈیا، سوشل میڈیا وغیرہ کے ذریعہ بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ میں پھیلے ہوئے اپنے ملازمین ، رضاکاروں ، نقبائ و نائبین اور ارکان کے ذریعہ اس وبا کے تعلق سے ضروری معلومات فراہم کی گئی ، اس سے بچنے کے طریقے بتائے گئے ، ملک کے مشہور و معروف ڈاکٹروں اور اطبائ کے مشوروں سے آگاہ کیا گیا، حکومت کی گائڈ لائن پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی، سوشل ڈسٹنسنگ ، ماسک وغیرہ کے تعلق سے بیداری پیدا کی گئی۔ امارت شرعیہ کے اسپتال مولانا سجاد میموریل اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم لگاتار مفت صلاح ومشورے دینے کا کام کرتی رہی ، امارت شرعیہ کے سبھی ایمبولینس مریضو ں کی خدمت میں ہمیشہ لگے رہے ، اس کے علاوہ اہل خیر کے تعاون سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی طور پر پریشان لوگوں کی مالی مدد کی گئی ، غریب علاقوں میں پورے لاک ڈاؤن کی مدت میں راشن اور غذائی اشیائ کی تقسیم کی گئی ، دوسری ریاستوں سے پیدل، ٹرینوں اور بسوں سے آنے والے مزدوروں اور طلبہ کو بحفاظت ان کی منزل تک پہونچانے کا نظم کیا گیا، نیز راستے میں ان کے کھانے پینے کا بھی بندوبست کیا گیا۔اسی طرح اس سال کورونا کی دوسری لہر جو کہ پہلی لہرسے بھی خطرناک ثابت ہو رہی ہے ، اس دوران بھی امارت شرعیہ کی خدمات کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، لوگوں کو حکومت کی گائڈ لائن پر عمل کرنے ، خاص طور پر مذہبی مقامات اور عوامی جگہوں پر حکومت کی ہدایت کے مطابق عمل کرنے ، کورونا سے بچاو کے طریقوں کو اپنانے ، ویکسنیشن کے لیے رجسٹریشن کرانے اور باری آنے پر ویکسین لگوانے ، ماسک اور سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کرنے وغیرہ کے لیے لگاتار بیداری پیدا کی جا رہی ہے ۔ کووڈ سے متاثر مریضوں کی خدمت میں ہمارے رضا کار ہر وقت تیار ہیں ، امارت شرعیہ کے پاس فی الحال تین امبولنس ہیں جو دن رات مریضوں کی خدمت میں مصروف ہیں ، اسی طرح مولانا سجاد میموریل اسپتال کے ذریعہ طبی سہولیات پہونچانے کی ہر ممکن کوش کی جا رہی ہے، امارت شرعیہ کے علاوہ دیگر عوامی و فلاحی ادارے نیز انفرادی طور پر بہت سے اہل خیر و سماجی شخصیات بھی خدمت میں مصروف ہیں ، لیکن بیماری کا قہر اتنا زیادہ ہے کہ یہ سبھی کوششیں بھی ناکافی ثابت ہو رہی ہیں ۔ اس لیے اس بیماری سے حفاظت کے لیے سبھی لوگوں کو لازمی طور پر ویکسین لگوانا چاہئے۔

اسپتال کے سکریٹری جناب مولانا سہیل احمد ندوی نے کہا کہ مولانا سجاد میموریل اسپتال نے ہمیشہ ہی انسانیت کی خدمت کے لیے اپنے وسائل کا حتی الوسع استعمال کیا ہے ، کورونا وبا کے زمانے بھی ہماری خدمات جاری ہیں، سرکار سے بھی ہماری اپیل ہے کہ وہ سبھی لوگوں کے ویکسنیشن کو یقینی بنائے ، اس وبا سے نمٹنے میں انتظامیہ کو امارت شرعیہ کے تعاون کی ضرورت ہو تو ہمارے ڈاکٹر اور ملازمین ہر وقت تیار ہیں ۔

اس نشست میں پھلواری شریف کے ممبر اسمبلی جناب گوپال روی داس، ایس ڈی او نونیت کمار، بی ڈی او ظفر الدین علی احسن ، چیر مین پھلواری نگر پریشد جناب آفتاب عالم صاحب نے بھی اظہار خیال کیا او ر ویکسنیشن کی اہمیت لوگوں کے سامنے بیان کی اور لوگوں سے ویکسنیشن مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور لازمی طور پر ویکسنیشن لگانے کی اپیل کی ، انہوں نے کورونا کے زمانے میں امارت شرعیہ کی ہمہ جہت خدمات کی تحسین کی ۔

اس نشست میں مولانا مفتی محمد ثنائ الہدیٰ قاسمی، اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناب ڈاکٹر سید نثار احمد ، ڈاکٹر سید غلام محی الدین اشرفی، ڈاکٹر نذیر احمد خان، پھلواری شریف تھانہ انچارج جناب رفیق الرحمن ، اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر جناب فیاض اقبال، ڈاکٹر سید یاسر حبیب، ڈاکٹر نسرت یاسمین ، ڈاکٹر تقی امام ، ڈاکٹر راکھی سنگھ، ڈاکٹر ہما کریم، ڈاکٹر ناہید فاطمہ، جناب اعجاز احمد ، سید اصغر حسین ، جناب ہمایوں اختر،افروز عالم ، عبد الرحمن صاحب مولانا ارشد رحمانی آفس انچارج امارت شرعیہ وغیرہ کے علاوہ دیگر اسٹاف اور پھلواری شریف کے مختلف وارڈوں کے وارڈ ممبر بھی موجود رہے ۔