مولانامحمدعلی مونگیریؒ پر عالمی سمینارکل

مونگیر 7 دسمبر
رحمانی فائونڈیشن کے زہراہتمام حضرت مولانا محمد علی مونگیری رح کی حیات وخدمات پر عالمی سمینار کا انعقاد کل تحریکی شہر مونگیر میں ہونے جارہاہے جس میں دارالعلوم دیوبند،ندوۃ العلماء،مظاہر علوم سہارن پور،جامعہ ملیہ اسلامیہ،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی،جواہرلال نہرو یونی ورسیٹی،امارت شرعیہ سمیت اہم درسگاہوں اور اداروں کے اہل علم، اصحاب قلم، دانش وران اور اسکالرزکی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے،اس تاریخی سمینار کی پوری تیاریاں ہوچکی ہیں،سمینار میں حضرت مونگیری کی مختلف اہم خدمات اور تحریکات کے متنوع پہلوئوں مثلا ندوۃ العلماء،جامعہ رحمانی،امارت شرعیہ،ردقادیانیت،ردعیسائیت،فقہی بصیرت اور تحریکی زندگی پر روشنی ڈالی جائے گی، پروگرام کے کنوینر مولانا ظفرعبدالرئوف رحمانی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاہے کہ بانی ندوۃ العلماء پر یہ سمینار انفرادی اور تاریخی نوعیت کا ہوگا جس کو کامیاب بنانے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے،دراصل اس خانوادے کی خمیر ہی تحریکات رہی ہیں،ادارہ سازی اور شخصیت سازی اس خانوادے کی خصوصیات ہیں،ندوۃ العلماء، خانقاہ رحمانی اور جامعہ رحمانی کا قیام جہاں حضرت مونگیری رح کی خدمات کا حسین باب ہے وہیں ان کے فرزند ارجمند امیرشریعت رابع رح نے امارت شرعیہ کے پلیٹ فارم سے ملت کی کامیاب قیادت کی،مسلم پرسنل لاء بورڈ جیسی عظیم تنظیم دی، ان ہی نقوش پر چلتے ہوئے ان کے فرزندجلیل مفکر اسلام امیر شریعت مولانا محمد ولی رحمانی مدظلہ نے رحمانی تھرٹی، رحمانی فائونڈیشن کاقیام کیا اور مسلم پرسنل لاء بورڈ اور امارت شرعیہ کے پلیٹ فارموں سے تحریکی خدمات انجام دے رہے ہیں،انھوں نے بتایا کہ رحمانی فائونڈیشن تعلیمی اور رفاہی کاموں کے ساتھ ساتھ ادبی سرگرمیوں کو بھی جاری رکھتاہے چنانچہ اس کے تحت مشاعروں، ادبی نشست کے علاوہ جنگ آزادی 1857 سے پہلے،شیرشاہ سوری اور پروفیسر لطف الرحمن پر سمینار کا انعقاد کیاجاچکاہے، حضرت مونگیری رح پر یہ سمینار اسی کی کڑی ہے ـ
انھوں نے مزید کہاکہ قطب عالم حضرت مولانا محمد علی مونگیری کی شخصیت عہد ساز شخصیت ہے، جس نے ہندوستان کے مسلمانوںکے ساتھ پوری دنیا کو تعلیمی، تربیتی اور دنیاوی علوم کا نیا طرزفکردیا، رحمانی فاﺅنڈیشن نے اسی شخصیت پر یہ عالمی سمینار منعقد کیا ہے، تاکہ ہندوستان کے مسلمان حضرت مونگیریؒ کی اس فکر کو پاسکیں، اور علماءاور اہل علم کی جماعت متحد ہوکر اس مشن کو پورا کریں ـ