مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کی رحلت پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کا اظہارِ تعزیت

دیوبند(قندیل ڈیسک):جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن کراچی،پاکستان کے رئیس و شیخ الحدیث،وفاق المدارس الاسلامیہ پاکستان کے صدر اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کی وفات پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور ان کے پسماندگان و متعلقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ مولانا نعمانی نے اپنے تعزیت نامے میں لکھا ہے کہ مولانا عبدالرزاق اسکندر جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن کراچی،پاکستان کے رئیس و شیخ الحدیث،وفاق المدارس الاسلامیہ پاکستان کے صدر اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر مرکزیہ تھے۔ حضرت مولانا محمد یوسف بنوری کے شاگرد رشید ،علمی وارث،متعدد کتابوں کے مصنف،بزرگوں کی روایات کے امین،انتہائی سنجیدہ و متین اور باکردار شخصیت کے حامل تھے۔ انھوں نے ان کے پسماندگان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بندہ ذاتی طورپر اور دارالعلوم دیوبند کے خادم ہونے کی حیثیت سے دارالعلوم کی طرف سے حضرت مولانا کی وفات پر ان کے خاندان،متعلقین اور جملہ پسماندگان کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے دعا گوہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے،ان کے درجات بلند فرمائے اور ملت کو ان کا نعم البدل عظا فرمائے۔آمین
واضح رہے کہ مولانا عبدالرزاق اسکندر کا آج ہی تقریباً چھیاسی سال کی عمر میں کراچی میں انتقال ہوا ہے،وہ اس وقت پاکستان کے ممتاز و بزرگ عالم دین،محدث و مصنف اور مذکورہ اداروں کے علاوہ دیگر کئی علمی و دینی اداروں کے سربراہ تھے