مولانا ارشد مدنی مسلسل ساتویں مرتبہ جمعیۃ علماء ہند کے صدرمنتخب

نئی دہلی: ملک کے موجودہ حالا ت کے پیش نظرآج مرکزی دفتر جمعیۃ علماء ہند کے مفتی کفایت اللہ میٹنگ ہال میں جمعیۃ علماء ہند کے مجلس عاملہ کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت مولانا ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند منعقد ہوا۔اجلاس میں ملک کے موجودہ حالات اور قانون وانتظام کی بد تر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور ساتھ ہی دوسرے اہم ملی اور سماجی ایشوز پر خاص کر تعلیم اور مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی پر تفصیل سے غور وخوض ہوا۔ اس اجلا س میں ممبران نے تمام مسائل پر کھل کر تبادلۂ خیال کیا۔ ایجنڈے کے مطابق میٹنگ میں جمعیۃ علماء ہند کی آئندہ ٹرم کی صدارت کےلیے  ریاستی جمعیتوں کی مجلس عاملہ کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا، تمام ریاستی یونٹوں نے متفقہ طور پر صرف حضرت مولانا ارشد مدنی مدظلہ کے نام کی سفارش کی۔ لہٰذا مجلس عاملہ نے جمعیۃ علماء ہند کے آئندہ ٹرم کی صدارت کے لیے مولانا ارشد مدنی کے نام کا اعلان کردیا۔ ضابطے کے مطابق جمعیۃ علماء ہند کی ہر دو سال میں ممبر سازی ہوتی ہے۔ لاک ڈاؤن میں جمعیۃ علماء ہند کی بے لوث خدمات، دہلی فساد سے متاثرین اور ملزمین کی قانونی اورسماجی مدد، تبلیغی جماعت پر منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف جمعیۃ علماء ہند کی قانونی جدوجہد وغیرہ کی وجہ سے ماضی کے مقابلے میں جمعیۃ کی طرف نئے لوگوں کا رجحان بڑھا ہے، جس کی وجہ سے جمعیۃ کی ممبرشپ حاصل کرنے کے لیے لوگ بہت زیادہ دلچسپی دکھا رہے ہیں اور ہر صوبے میں جمعیۃ دفاتر سے نئے لوگوں کی ایک معتدبہ تعداد مستقل رابطے میں ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے ٹرم میں جمعیۃ کے ممبران کی تعداد تقریبا ایک کڑوڑ پندرہ لاکھ تھی جبکہ اس سال اس تعداد میں اضافے کے قوی امکانات ہیں۔ جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ نے آج سے 31؍ جولائی تک اس ٹرم کی ممبر سازی کا اعلان کیا ہے۔ تعلیم کے فروغ پر جمعیۃ علماء ہند کی توجہ روز اول ہی سے رہی ہے، مکاتب ومدارس کا قیام کے ساتھ ساتھ عصری و ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنے والے غریب اور ضرورتمند طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف دینے کا مسلسل کام جاری ہے اور اس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اس تسلسل کو باقی رکھتے ہوئے اس سال پچاس لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کی رقم تعلیمی وظائف کے لیے مختص کی گئی تھی، جس کے لئے پورے ملک سے تقریبا 600 طلبہ منتخب کیے  گئے ہیں،جن میں سے اب تک تقریبا 500 طلبہ کو وظیفہ جاری کر دیا گیا ہے،تا ہنوز یہ سلسلہ جاری ہے۔
شرکاء اجلاس میں صدرمحترم مدظلہ کے علاوہ مفتی سید معصوم ثاقب ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند،مولانا حبیب الرحمن قاسمی ،مولانا سید اسجد مدنی ،مولانا اشہد رشیدی ، مولانا مشتاق عنفر،مفتی غیاث الدین، مولانا عبداللہ ناصر، حاجی حسن احمد قادری ،حاجی سلامت اللہ ، وغیرہ اور مدعوئیین خصوصی بھی شریک ہوئے۔