مشہور دواساز کمپنی سِپلا کے سربراہ ڈاکٹر یوسف حمید کے نام سے موسوم کیا گیا کیمبریج یونیورسٹی کا شعبۂ کیمسٹری

نئی دہلی:دنیا کی معروف کیمبریج یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس کے شعبۂ کیمسٹری کا نام سِپلا کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف حمید کے نام پر رکھا جائے گا۔ منگل کو یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک نیوز بلیٹن کے مطابق 2050تک شعبۂ کیمسٹری کا نام یوسف حمید شعبۂ کیمسٹری رہے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر حمید کیمبرج یونیورسٹی کے سابق طالب علم ہیں اور سِپلا ہندوستان کا صف اول کا ملٹی نیشنل ادویہ ساز ادارہ ہے جس نے 2019۔20 کے دوران 13595 کروڑ کا کاروبار کیا ہے اور خالص منافع 2300 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
یہ اعزاز سپلا اور ڈاکٹر حمید کو "انقلاب انگیز تحفہ” یا ڈاکٹر حمید کے ذریعے یونیورسٹی کو عطیہ کرنے کے بعد دیا گیا ہے تاکہ کیمبرج میں کیمسٹری کی عالمی سطح کی درس و تدریس اور تحقیق کا کام جاری رہے ۔ اس عطیہ کو قبول کرتے ہوئے کیمبرج کے وائس چانسلر پروفیسر اسٹیفن جے ٹوپے نے کہا "ڈاکٹر حمید کا اہم تحفہ کیمسٹری میں دنیا کی روشن ترین علمی لیاقت کو راغب کرنے والاہے‘‘۔ وائس چانسلر نے کہا "کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کو قابل قدر تحفہ دینے کے لیے میں ان کا مشکور ہوں اور اس سے طلبا و اسکالرز کی کئی نسلیں فائدہ اٹھائیں گی‘‘۔ کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر کامس کییلرنے اپنی مادر علمی کو گرا ں قدر تحفہ دینے پر ڈاکٹر حمید کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر حمید گذشتہ 66 سالوں سے اپنے کالج – کرائسٹس – اور شعبۂ کیمیا کے معاون کی حیثیت سے کیمبرج کے ساتھ مربوط ہیں۔ 2018 میں انھوں نے کیمسٹری میں دنیا کی قدیم ترین تعلیمی چیئرز میں سے ایک کو عطیہ دیاتھا ، جسے اب یوسف حمید 1702 چیئر کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ان کے تعلیمی نگراں ، سپروائزر اور نوبل انعام یافتہ لارڈ الیگزینڈر ٹوڈ نے کیمبرج میں ڈاکٹر حمید کے دورطالب علمی میں اس چیئر کو قائم کیا تھا۔
واضح ہوکہ ڈاکٹر حمید کو اس سے قبل بھی بہت سارے قومی و بین الاقوامی اعزازات احاصل ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر حمید اس وقت ممبئی میں اپنے والد ڈاکٹر کے اے حمید کے ذریعے قائم کردہ ایک عالمی دوا ساز کمپنی سپلا کے ایگزیکٹو چیئرمین ہیں۔ ڈاکٹر یوسف حمید کی بڑی کامیابیوں میں ترقی پذیر ممالک کو کم قیمت پر ایچ آئی وی / ایڈز کی ادویات کی فراہمی شامل ہے جس سے بے شمار جانوں کا تحفظ ہوا ہے۔ کوویڈ ۔19 وبائی مرض کے دوران مریضوں کی مدد کے لیے بھی سپلا صحت کی دیکھ بھال کرنے والی تنظیموں کو سستی قیمتوں پر دوائیں مہیا کررہی ہے ، جس سے علاج معالجہ زیادہ آسان ہوگیا ہے۔