معروف مزاح نگار مجتبی حسین کا انتقال

حیدرآباد:اردو کے مشہور مزاح نگار پدم شری مجتبیٰ حسین کا انتقال ہوگیا ۔ ان کی عمر تقریبا چوراسی سال تھی ۔ وہ 15 جولائی1936 کو گلبرگہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتدائی تعلیم گھر پر حاصل کی ۔ 1956میں عثمانیہ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ جوانی سے ہی انھیں مزاحیہ تحریریں لکھنے کا شوق تھا جس کی تکمیل کے لیے روزنامہ سیاست سے وابستہ ہو گئے اور وہیں سے ان کے ادبی سفر کا آغاز ہوا۔1962ء میں محکمۂ اطلاعات میں ملازمت کاآغاز کیا۔ 1972 میں دہلی میں گجرال کمیٹی کے شعبۂ ریسرچ سے وابستہ ہو گئے۔ دلی میں مختلف محکموں میں ملازمت کے بعد 1992 میں ریٹائر ہو گئے۔ مجتبیٰ حسین ملک کے پہلے طنزومزاح نگار ہیں جن کو حکومتِ ہند نے بحیثیت مزاح نگار پدم شری کے باوقار سویلین اعزاز سے نوازا۔ تاہم انہوں نے اسی سال کے آغاز میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بطور احتجاج پدم شری ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مجتبیٰ حسین کے مضامین پر مشتمل 22 سے زائد کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ ان کی 7 کتابیں ہندی زبان میں بھی شائع ہویئں۔ جاپانی اور اڑیہ زبان میں بھی ایک ایک کتاب شائع کی گئی۔ انہیں 10 سے زائد ایوارڈز حاصل ہوئے جن میں غالب ایوارڈ، مخدوم ایوارڈ، کنور مہندر سنگھ بیدی ایوارڈ، جوہر قریشی ایوارڈاوراور میر تقی میر ایوارڈ شامل ہیں۔ ان کی طویل خدمات کے اعتراف میں کرناٹک کی گلبرگہ یونیورسٹی نے 2010 میں انھیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا تھا۔