مانو،شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں ثقافتی پروگرام جوہر شناسی کا انعقاد

حیدرآباد:’’انسان بہت سے کمالات اور خوبیوں کا خزانہ ہے، کیونکہ اللہ نے اسے احسن تقویم پر پیدا فرما کر اشرف المخلوقات کے منصب پر فائز کیا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی خوبیوں کو تلاش کر کے انھیں پہچانیں اور ایسا ماحول بنائیں جس میں انھیں نکھارنے کا موقع ملے‘‘۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر محمد فہیم اختر،صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے بزم طلبہ، شعبہ اسلامک اسٹڈیز، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ پروگرام ’’جوہر شناسی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے اپنے صدارتی خطاب میں طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج کا پروگرام مفید تھا، امید ہے کہ آئندہ بھی اس طرح کے پروگرام کا انعقاد کیا جاتا رہے گا، تاکہ طلبہ کے اندر پوشیدہ صلاحیتوں کو تلاش کر کے ان کو نکھارا جا سکے۔واضح رہے کہ اسی ماہ نئے تعلیمی سال کےلیے  بزم طلبہ کے مشیر ڈاکٹر شکیل احمد ،اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ کی نگرانی میں بزم کے ذمہ داران کا انتخاب بھی عمل میں آیا تھا، تاکہ طلبہ منظم طور پر شعبہ میں تعلیم کے ساتھ تہذیبی وثقافتی پروگرام کرتے رہیں۔ جوہر شناسی کے نام سے بزم طلبہ کے اس پروگرام میں ایم اے سال اول ودوم کے تمام طلبہ نے نہایت شوق اور دلچسپی سے حصہ لیا اور مختلف النوع پروگرام غزل، نعت، منتخب اشعار، اقوال زرین، افسانے اور مختصر کہانیاں وغیرہ پیش کیں، جنہیں شعبہ کے تمام اساتذہ اور طلبہ نے پسند کیا اور طلبہ کے اصرار پر شعبہ کے دو اساتذہ محترمہ ذیشان سارہ اور ڈاکٹر عاطف عمران نے بھی بہت ہی عمدہ انداز میں استاد شعراء کے کلام سے محظوظ کیا۔پروگرام کا آغاز عاشق الرحمن (ایم اے، سال اول) کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نظامت کے فرائض ثناء اللہ رامپوری (ایم اے، سال دوم) نے ادا کئے۔ ایم اے، سال اول کے طالب علم عصمت اللہ وصی کے اظہار تشکر پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس آن لائن پروگرام کے انعقاد کا نظم ایم اے، سال دوم کی طالبہ انعم محمدی شیخ نے انجام دیا۔