مانجھی ،سہنی کی ملاقات پر آر جے ڈی کاطنز،اسی بارش میں این ڈی اے کی کشتی ڈوبے گی

پٹنہ :کیا بہار میں تازہ سیاسی کھچڑی پک رہی ہے؟ منظر عام پر آنے والی ایک تصویر نے اس سوال کو جنم دیا ہے۔ بہار میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی وزیراعلیٰ نتیش کمار کے زیرقیادت حکومت میں شامل ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے سربراہ جتن رام مانجھی اور وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے صدر مکیش سہنی نے بندکمرے میں ملاقات کی ہے۔اس ملاقات پرکئی طرح کی باتیں ہورہی ہیں۔اب راجدنے کہاہے کہ اسی بارش میں این ڈی اے کی کشتی ڈوب جائے گی۔ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے اس تصویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیاجس کے بعد بہار کی سیاست ایک بار پھر گرم ہوگئی ہے۔دونوں رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر یہ اطلاع دی ہے کہ اس میٹنگ کے دوران پنچایت نمائندوں کی مدت مینں توسیع کے ساتھ ساتھ دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مانجھی اورسہنی کی ملاقات کے بارے میں ہم کے ترجمان دانش رضوان نے کہاہے کہ ریاست کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ہی ، دونوں رہنماؤں کے مابین سیاسی بات چیت بھی ہوئی ہے۔ ریاست کی ترقی اور گڈ گورننس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایاہے کہ 2 جون کو پارٹی کی قومی ایگزیکٹو کی میٹنگ طلب کی گئی ہے جس میں عوامی مفاد اور پارٹی کی طاقت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔