منی پور میں 31 دسمبر تک رات کا کرفیو نافذ

امپھال:منی پور میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزکے پیش نظر نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کورونا کی وبا کے پیش نظر منی پور حکومت نے اس سال کے آخر تک شام 6 بجے سے صبح 4 بجے تک ریاست میں رات کے کرفیو کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی حکومت کے ایک حکم کے مطابق منی پور میں 31 دسمبر تک رات کا کرفیو نافذہوگا۔ اس کے ساتھ اس میں مزید توسیع کی جاسکتی ہے۔نائٹ کرفیو کے دوران ضروری خدمات، سامان لے جانے والے ٹرکوں اور ڈیوٹی پر افسروں کی نقل و حمل کو اس حکم سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سماجی اور روایتی تقاریب میں شریک ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق ریاست میں 3245 کیسزفعال ہیں۔کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزکے پیش نظر ملک کی بہت سی ریاستوں نے ایک بار پھر پابندی لگانا شروع کردیا ہے۔ اس کے تحت کئی دوسری ریاستوں میں بھی رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش، راجستھان اور گجرات سمیت متعدد ریاستوں میں نائٹ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔