مہنگائی کی مار:امول دودھ کے بعدمدرڈیری نے بھی شرح بڑھائی

نئی دہلی:مہنگائی نے دہلی والوں کو ایک بار پھر نشانہ بنایا ہے۔ پٹرول 100 روپے ہونے کے بعد اب مدر ڈیری نے بھی ہر قسم کے دودھ کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے۔ نئے نرخوں کا اطلاق کل سے یعنی 11 جولائی سے ہوگا۔ اس سے قبل کمپنی نے دسمبر 2019 میں دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ دہلی این سی آر میں اب ایک لیٹر فل کریم دودھ 55 کے بجائے 57 روپے میں دستیاب ہوگا۔ ٹون دودھ کی قیمت 45 روپے سے بڑھ کر 47 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔ ڈبل ٹون دودھ کی قیمت 39 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر اب 41 روپے کردی گئی ہے۔ ملک کی سب سے بڑی دودھ کی تیاری اور مارکیٹنگ کمپنی امول نے بھی یکم جولائی سے اپنے دودھ کو 2 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا تھا ، اور اس کے بعد سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ مدر ڈیری کی قیمت میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔ دہلی این سی آر میں مدر ڈیری روزانہ 30 لاکھ لیٹر سے زیادہ دودھ بیچتی ہے۔