Home قومی خبریں ادارہ ادب اسلامی دہلی کے زیر اہتمام ماہانہ طرحی نشست کا انعقاد

ادارہ ادب اسلامی دہلی کے زیر اہتمام ماہانہ طرحی نشست کا انعقاد

by قندیل

جامعہ نگر: ادارہ ادب اسلامی ہند حلقہ دہلی کے زیر اہتمام ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر میں واقع سی ٹیگ ہال میں ایک طرحی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ مصرع طرح بیسویں صدی کے معتبر تحریکی و فکری شاعر حفیظ میرٹھی کا مشہور مصرع ’آدمی ہوں عزمِ تعمیرِ جہاں رکھتا ہوں میں‘ دیا گیا تھا۔ نشست کی صدارت معروف شاعر عرفان اعظمی نے فرمائی۔ جب کہ نظامت کے فرائض مصدق مبین نے انجام دیے۔ نشست کا آغاز حامد حسین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد معروف شاعر شاہد انور نے بارگاہِ رسالت مآب میں نعتیہ کلام کا نذرانہ پیش کیا۔ بعد ازاں ادارہ ادب اسلامی دہلی کے صدر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے استاذ ڈاکٹر خالد مبشر نے صدر محفل، معزز مہمانان اور شعرائے کرام کا پرتپاک استقبال کیا۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں موصوف نے ادارے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے ادارے کی تاب ناک تاریخ اور اس کے زریں سلسلے کا عقیدت مندانہ تذکرہ کیا۔ نشست میں قرب و جوار کے تقریباً 30 شعرا عرفان اعظمی، ذکی طارق، احمد علوی، شاہد انور، واحد نظیر، خالد مبشر، عرفان وحید، ساجد ذکی فہمی، خواجہ طارق عثمانی، سفیر صدیقی، اہتمام صادق، شاہ رخ عبیر، احمر ندیم، ناصر مصباحی، عامر اظہر، عامر ندوی، سیف اظہر، علی ساجد، تسنیم عابد، عزیز اختر، آصف بلال، ساحل سہیل، عرفان غازی، مطلب مرزا، حامد حسین اور اظہر شمشاد وغیرہ نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔

اخیر میں صدر محفل عرفان اعظمی نے صدارتی کلمات اور اپنی غزل پیش کی۔ اپنے صدارتی کلمات میں انھوں نے تمام شعرا بطور خاص نئی نسل کے شعرا کی خوب حوصلہ افزائی کی اور اُن کے لیے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ادارے کے خازن ڈاکٹر عرفان وحید کے اظہارِ تشکر پر نشست اختتام پذیر ہوئی۔

You may also like