مہنگائی کی مارمسلسل جاری،رواں برس گیس کی قیمت190روپیے فی سلنڈربڑھی

نئی دہلی :ایل پی جی (مائع پٹرولیم گیس)سلنڈروں کی قیمتیں بشمول رسوئی گیس میں بدھ کے روز 25 روپے فی سلنڈر بڑھا دیا گیا۔یہ دو ماہ سے بھی کم عرصے میں شرحوں میں تیسرا اضافہ ہے۔تیل کمپنیوں کی طرف سے جاری کردہ قیمت کے نوٹیفکیشن کے مطابق دہلی میں سبسڈی اور غیر سبسڈی والے ایل پی جی کی قیمت اب 884.50 روپے فی سلنڈر (14.2 کلوگرام) ہے۔اس سے قبل یکم جولائی کو سبسڈی اور غیر سبسڈی والے ایل پی جی کی قیمتوں میں 25.50 روپے فی سلنڈر اضافہ کیا گیا تھا۔یکم اور 18 اگست کو غیر سبسڈی والے ایل پی جی کی قیمت میں ہر بار 25 روپے فی سلنڈر اضافہ کیا گیا۔صنعتی ذرائع نے بتایاہے کہ یکم اگست کو سبسڈی والے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا کیونکہ اس وقت پارلیمنٹ کا اجلاس جاری تھا اور اگر اضافہ کیا گیا تو اپوزیشن حکومت پر حملہ کر سکتی ہے۔تازہ ترین اضافے کے بعد یکم جنوری سے سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 190 روپے فی سلنڈر اضافہ ہوا ہے۔ ماہانہ قیمتوں میں اضافے نے سبسڈی ختم کردی ہے۔سبسڈی اور غیر سبسڈی والے ایل پی جی کی قیمت بڑے شہروں میں تقریباََ ایک جیسی ہے سوائے کچھ دور دراز علاقوں کے۔گھریلو ایل پی جی کی قیمت پچھلے سات سالوں میں دوگنی سے زیادہ ہو گئی ہے۔ یکم مارچ 2014 تک گھریلو گیس کی خوردہ فروخت قیمت 410.5 روپے فی سلنڈرتھی۔ایک کمرشیل سلنڈر (19 کلو) کی قیمت میں بھی 75 روپے اضافہ کیا گیا ہے ، اور اب دہلی میں اس کی قیمت 1693 روپے ہوگی۔دوسری جانب پٹرول کی قیمت میں 10 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 14 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی۔ دہلی میں پٹرول کی قیمت اب 101.34 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 88.77 روپے فی لیٹر ہے۔