Home قومی خبریں ماہنامہ ’تعلیمی سفر‘ لاتور کے گوشۂ شمس جالنوی وڈاکٹر یوسف صابر کا اجرا

ماہنامہ ’تعلیمی سفر‘ لاتور کے گوشۂ شمس جالنوی وڈاکٹر یوسف صابر کا اجرا

by قندیل

اورنگ آباد:ماہنامہ تعلیمی سفر لاتور ” نے مشہور شاعر شمس جالنوی پر ماہ ستمبر کا اپنا خصوصی شمارہ” ہجوم میں گمشدہ چہرہ” کے عنوان سے شائع کیا ہے، اسی طرح اگست کا خصوصی شمارہ ڈاکٹر یوسف صابر پر "ہجوم میں چہرہ "کے عنوان سے شائع کیا ہے آج دوپہر 2 بجے ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے دفتر مرزا ورلڈ بک ہاؤس کے مشہور پروگرام "مصنف سے ملیے” میں ان دونوں شماروں کا اجرا عمل میں آیا. پروگرام کی صدارت بزرگ شاعر حضرت رضا جالنوی نے کی۔ شماروں کا اجرا مہمانوں کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ تعلیمی سفر کے مدیر ڈاکٹر خلیل صدیقی نے اردو زبان اور اس کی موجودہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں اردو کتابوں، اردو رسائل و جرائد کی اشاعت و طباعت بہت صبر آزما اور مشکل مرحلہ ہے، دن بدن اردو سے دوری پیدا ہورہی ہے اس کو دور کرنے کے لیے موجودہ اردو سماج کو سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
پروگرام کی ابتدا میں ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے صدر مرزاعبدالقیوم ندوی نے کہا کہ کہ ہم نے نئے لکھنے والوں، شاعروں ادیبوں اور مصنفین کے لیے ایک پلیٹ فارم ” مصنف سے ملیے” کے عنوان سے شروع کیاہے۔اس کے تحت اورنگ آباد شہر اور باہر سے آنے والے ادیبوں، شاعروں اور دانشوروں سے ملاقات اور گفتگو کی جاتی ہے۔ موجودہ دور میں کتابوں کی نشر و اشاعت اور اس کی مارکیٹنگ بڑا مسئلہ ہے۔ واضح ہوکہ شمس جالنوی پر شائع شمارہ کے مہمان مدیر ڈاکٹر سلیم نواز ہیں۔ اس موقعے پرمہمانان عطاء اللہ شاہ، احمد خان ایم. اے، ذکی صدیقی،نوجوان شاعر احمد اورنگ آبادی، ڈاکٹر یوسف صابر، ڈاکٹر سلیم نواز حشر جعفرآبادی موجود تھے۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں مرزا طالب بیگ اور ڈاکٹر اشفاق اقبال نے محنت کی اور مرزا عبدالقیوم ندوی کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔

You may also like

Leave a Comment