Home قومی خبریں لوگ ماسک پہننے کو تیار نہیں،صرف جرمانہ وصول کرنا کافی نہیں:سپریم کورٹ

لوگ ماسک پہننے کو تیار نہیں،صرف جرمانہ وصول کرنا کافی نہیں:سپریم کورٹ

by قندیل

نئی دہلی:کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود لوگوں کے ماسک نہ پہننے پر سپریم کورٹ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے بڑے پیمانے پر شادی اور سیاسی پروگراموں کے جاری رہنے پر بھی تبصرہ کیا ہے۔ یہ بحث ملک کے اسپتالوں میں کوویڈ کے علاج کی سہولیات پر سماعت کے دوران ہوئی۔ عدالت نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں 18 دسمبر کو حکم جاری کرے گی۔ملک بھر کے اسپتالوں میں کورونا کے علاج کی سہولیات پر سپریم کورٹ خود جائزہ لے کر سماعت کررہا ہے ۔ عدالت نے لوگوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد ہدایات جاری کیں۔ اس سماعت کے دوران عدالت نے گجرات کے راجکوٹ میں واقع کوویڈ اسپتال میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیا۔ اس حادثے میں 6 مریض دم توڑ گئے۔ عدالت نے گجرات حکومت سے رپورٹ طلب کرنے کے علاوہ ملک بھر کے کوویڈ اسپتالوں میں آگ سے حفاظت سے متعلق معلومات طلب کی تھی۔ گجرات حکومت نے آج سپریم کورٹ کو بتایا کہ اس نے آگ سے بچانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ ریاست کے کوویڈ اسپتالوںمیں 328 فائر سیفٹی آفیسرز کی خصوصی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ریاست کے 214 کوویڈ اسپتالوں میں سے 68 کو ابھی بھی محکمہ فائر سے نو ابجیکشن سرٹیفکیٹ نہیں ملا ہے۔ ریاستی حکومت کو اس پر توجہ دینی چاہئے۔عدالت نے اس معاملے پر دیگر ریاستوں کے حلف ناموں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ دہلی، مہاراشٹر سمیت بیشتر ریاستوں نے ادھوری معلومات دی ہیں۔ متعدد ریاستوں نے یہ معلومات بھی نہیں دی کہ یہاں کل کتنے کوویڈ اسپتال ہیں اور ان میں آگ سے حفاظت سے متعلق کیا صورتحال ہے۔سماعت کے دوران گجرات حکومت نے ماسک کے معاملے پر دائر اپنی اپیل پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ اپیل گجرات ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف دائر کی گئی ہے۔ ہائی کورٹ نے ماسک نہ پہنے والوں کو کوویڈ سینٹر میں خدمت لینے کے لیے کہا تھا۔ ریاستی حکومت نے اسے ناقابل عمل قرار دیا ہے۔جسٹس اشوک بھوشن، آر سبھاش ریڈی اور ایم آر شاہ پر مشتمل بنچ نے گجرات کی اپیل پر مزید سماعت کا مطالبہ کیا۔ لیکن ججوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ لوگ ماسک نہیں پہن رہے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ ہیں جو ماسک پہننے کو تیار نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ صرف اس بات سے اطمینان نہیں کیا جاسکتا کہ کسی ریاست نے ماسک نہ پہننے والوں سے 80 یا 90 کروڑ روپیہ بطور جرمانہ وصول کیا ہے۔

You may also like

Leave a Comment