لوگ کورونا سے مر رہے ہیں اور نتیش کو الیکشن کی فکر ہے:تیجسوی یادو

پٹنہ:بہار کی نتیش حکومت پر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈرتیجسوی یادو کا حملہ بدستور جاری ہے۔ پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار میں حکومت انتخابات کی تیاری کر رہی ہے اور لوگ کورونا سے مر رہے ہیں۔ جمہوریت تب ہی رہے گی جب لوگ زندہ رہیں گے۔ ابھی حکومت کو چاہئے کہ وہ لوگوں کی جانیں بچانا شروع کرے۔ایک دن پہلے نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو کو نشانہ بناتے ہوئے انہوںنے کہا کہ امریکہ میں 138000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کیا چیف منسٹر بہار میں بھی اتنے لوگوں کو مارنا چاہتے ہیں؟ کیا بہار میں ہونے والی ٹیسٹوں کی تعداد امریکہ سے زیادہ ہے؟ بہار میں بزرگوں کے لیے بیلٹ پیپر سے انتخابات کرانے کی تیاری ہے۔ اس پر بھی تیجسوی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں انتخابات بیلٹ پیپر سے ہوتے ہیں، ای وی ایم سے نہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا امریکہ میں آئی سی یو میں مچھلی تیرتی ہے اور ڈاکٹر ٹھیلے پر پر بیٹھ کر اسپتال جاتے ہیں؟