نئی دہلی:بی جے پی کے ایک ایم پی نے بدھ کو لوک سبھا میں شاہین باغ میں چل رہے مظاہرے کا موضوع اٹھایا اور کہا کہ اس سے عوام کو بہت پریشانی ہو رہی ہے اور حکومت کو فوری طور پر مظاہرین کو وہاں سے ہٹانا چاہئے۔بی جے پی کے رمیش بدھوڑی نے وقفہ صفر میں اس موضوع کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ نوئیڈا سے دہلی کے درمیان روزانہ آنے جانے والے پانچ لاکھ سے زیادہ لوگ شاہین باغ میں چل رہے مظاہروں سے متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ مظاہرے کی وجہ سے ایمبولینس بھی گھنٹوں تک پھنسی رہتی ہیں۔دہلی کے شاہین باغ میں گزشتہ سال 15 دسمبر سے شہریت ترمیم قانون کے خلاف مظاہرہ چل رہے ہیں۔بدھوڑی نے الزام لگایاکہ مظاہرین پارلیمنٹ سے منظور قانون کی مخالفت کر آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جن ثالثوں کو شاہین باغ میں مظاہرین سے بات چیت کے لئے بھیجا، ان کی ذہنیت مظاہرہ ختم کرانے کی نہیں لگتی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو راستہ کھلوانے کے لئے پہل کرنی چاہئے۔پولیس اور جنوب مشرقی ضلع انتظامیہ کے حکام نے منگل کو شاہین باغ جاکر سی اے اے مخالف مظاہرین سے کورونا وائرس انفیکشن کے پیش نظر علاقہ چھوڑنے کی اپیل کی تھی۔