ایل پی جی،پٹرول اورڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کےخلاف گیس سلنڈرکے ساتھ کانگریس کی پریس کانفرنس

نئی دہلی:جمعرات کوکانگریس نے ایل پی جی اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر پریس کانفرنس کی۔اس ماہ دوسری بارآج گیس کے دام بڑھ گئے ہیں۔اضافے کے خلاف کانگریس کی یہ تیسری پریس کانفرنس تھی۔ کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیٹ اورپونیا نے سلینڈرلے کر میڈیاسے بات کی اور حکومت سے بڑھتی قیمتوں کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ اس پریس کانفرنس میں سپریہ نے پوچھا کہ یوپی اے حکومت کے دوران بی جے پی کی خواتین رہنما سلنڈر اٹھائے سڑک پرکیوں بیٹھی تھیں؟ انہوں نے نریندر مودی حکومت کو بے رحم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے اس اقدام نے گھریلوخواتین اور عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کچھ عرصے سے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک کے تمام بڑے شہروں میں پٹرول کی قیمتیں 90 روپے سے اوپر ہوگئی ہیں۔ کچھ جگہوں پر پٹرول کی قیمت 100 روپے کو عبور کر چکی ہے۔