ایل جے پی کے اشتہار میں نتیش کمار پر طنز ،دفاع میں آئے مانجھی

پٹنہ:بہار میں اسمبلی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ اس سے پہلے یہاں پر تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ تمام جماعتوں نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے ذریعہ اخباروں میں اشتہار نکالے گئے ہیں ۔ اشتہار میں لکھا ہے، ’وہ لڑ رہے ہیںہم پر راج کرنے کے لئے ، ہم لڑ رہے ہیں بہار پر ناز کرنے کے لئے‘ ۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اشاروں میں نتیش کمار پر طنز کیا گیا ہے۔ یہ اشتہار بہار کے تمام ہندی اور انگریزی اخباروں میں دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی دہلی اور ممبئی کے اہم اخبارات میں پارٹی کے ذریعہ یہ اشتہار دیا گیا ہے۔ وہیں سابق وزیر اعلی اور نیشنل پارٹی کے صدر جیتن رام مانجھی نے نتیش کمار کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ چراغ پاسوان کو بے تکا بیان نہیں دینا چاہئے اور انہیں این ڈی اے کے خلاف نہیں بولنا چاہیے۔ مانجھی نے دعوی کیا کہ اب جب بھی نتیش کمار کے خلاف چراغ کا بیان آئے گا تو وہ اس کا جواب دیں گے۔اس اشتہار میں لوک جن شکتی پارٹی نے بتایا ہے کہ نیا بہار اور نوجوان بہار بنانے کے لئے تمام بہاری بھائیوں اور بہنوں کو نوجوان بہاری چراغ پاسوان کے ساتھ چلنا ہوگا۔ یہی وہ وقت ہے جب تمام بہاری کو بہار کی سالمیت کی جنگ لڑنا ہوگا تاکہ ہم سب بہار پر فخر کرسکیں۔