کسانوں کا’سرپھوڑنے‘ کی بات کہنے والے ایس ڈی ایم کو ٹکیت نے بتایا’طالبانی سرکار ‘ کا کمانڈر

 

نوح: بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت نے کرنال کے ایس ڈی ایم کو ’ طالبانی سرکار‘ کا کمانڈر قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک میٹنگ میں کہا کہ کل ایک افسر نے کسانوں کے سر پرمارنے کا(پولیس کو) حکم دیا۔ انہوں نے ہمیں خالصتانی کہا، اگر آپ ہمیں خالصتان اور پاکستانی کہتے ہیں تو ہم صرف اتنا کہیں گے کہ ’حکومتی طالبان‘ نے ملک پر قبضہ کر لیا ہے، یہ لوگ ’حکومتی طالبان‘ ہیں۔ہریانہ کے نوح میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راکیش ٹکیت نے کہاکہ جس افسر نے کسانوں کے سر پرمارنے کی بات کی اسے نکسل سے متاثرہ علاقے میں بھیج دیا جانا چاہیے۔ بتادیں کہ کرنال ایس ڈی ایم آیوش سنہا کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے، جس میں وہ سیکورٹی اہلکاروں کو احتجاج کرنے والے کسانوں کے ’سر پھوڑنے‘ کے لیے کہتے نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو کے حوالے سے ہریانہ کے نائب وزیراعلی دشینت چوٹالہ کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایس ڈی ایم آیوش سنہا نے کہا کہ کئی جگہوں پر پتھراؤ شروع ہوچکا تھا۔ بریفنگ کے دوران طاقت کا مناسب استعمال کرنے کی بات کہی گئی تھی۔