کسان تحریک کی تعریف،شیوسینا کا سوال:مہاراشٹرکے کسان ایسی تحریک کب چلا ئیں گے؟

ممبئی:زرعی قانون کے خلاف دہلی کی سرحد پر پنجاب کے کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ اس تحریک کی شیوسینا نے تعریف کی ہے۔ اس نے کہاکہ سردی میں بھی کسانوں نے مودی سرکار کا پسینہ نکال دیا ہے۔ بی جے پی کے آئی ٹی سیل نے تحریک کو بدنام کرنے کی کوشش کی، لیکن تحریک تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ شیوسینا کے اخبارسامنا میں یہ سوال پوچھا گیاکہ مہاراشٹراس طرح کی تحریک کب دکھائے گا جیسے پنجاب دکھا رہا ہے؟اس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے ایک ہاتھ میں جادو کی چھڑی ہے اور دوسرے ہاتھ میں ایک چابک ہے،وہ کسی کو بھی جھکا سکتے ہیں۔ اس غلط فہمی کو پنجاب کے کسانوں نے غلط ثابت کردیا۔ پنجاب کے لاکھوں کسانوں نے مودی سرکار کو نوٹس بھیج کر ’پیچھے ہٹو ورنہ کرسی خالی کرو‘کا پیغام بھیجاہے۔