کسان تحریک کی انڈین یونین مسلم لیگ نے حمایت کی

دہلی پردیش کے صدر مولانا نثار احمد نقشبندی کی قیادت میں ایک وفد نے غازی پور دہلی بارڈر میں کسانوں سے ملاقات کی
نئی دہلی:انڈین یونین مسلم لیگ دہلی پردیش کے صدر مولانا نثار احمد نقشبندی کی قیادت میں ایک وفد نے غازی پور دہلی یوپی بارڈر پر جہاں کسان آندولن کررہے رہیں ،دورہ کیا ۔وفد کے پہنچتے ہی احتجاج کررہے کسان تنظیموں نے استقبال کیا ۔اس موقع پر مولانا نثار احمد نقشبندی نے کہا کہ کسان بھائی ہندوستانیوں کی لڑائی لڑ رہے ہیں ،وہ جانتے ہیں کہ انہیں دام تو کم ملے گا ہی لیکن عوام کا جینا محال ہوجائے گا۔عوام کو دو وقت روٹی نصیب نہیں ہوگی ۔کسانوں سے سستے میں آلو خرید کر پچاس روپے کیلو فروخت کیا جارہا ہے یہ سراسر ایک لوٹ ہے ۔عوام کو سرعام لوٹنے کی تیاری ہوچکی ہے ۔یہ بل پورے ملک میں نافذ ہوچکا ہے جس سے صرف کسانوں کا نقصان نہیں ہورہا ہے بلکہ عوام کا بھی نقصان ہورہا ہے ۔ آج کسان ہم ہندوستانیوں کے لئے اس سردی کے موسم میں احتجاج کررہے ہیں اور سرکار اڈانی امبانی کو فائدہ پہنچانے کے لئے قانون بنارہی ہے ۔فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے کہ آپ کس کا ساتھ دیتے ہیں۔اس لئے عوام کو چاہئے کہ وہ کسانوں کی لڑائی اور تحریک کو اپنی لڑائی سمجھتے ہوئے حوصلہ بڑھائیں ۔
اس موقع پرشیخ فیصل حسن جنرل سکریٹری دہلی پردیش نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک خطرناک پالیسی بنا رکھی ہے کہ جو اس کے ساتھ ہے وہ دیش بھکت ہے اور جو اس کے ساتھ نہیں ہے وہ دیش دروہی ہے ملک دشمن ہے غدار ہے۔بی جے پی نے وعدہ کیاتھا کہ ملک کے کسانوں کی آمدنی دو گنی کی جائے گی اور کسان اپنی محنت کا پورا معاوضہ حاصل کریں گے۔ لیکن ساڑھے چھ سال ہو گئے کسانوں سے کیا گیا یہ وعدہ آج تک پورا نہیں کیا گیا۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ جب کسان اپنے مطالبات کے ساتھ سڑکوں پر اترتے ہیں تو ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جاتا ہے۔ ان پر تشدد کیا جاتا ہے۔ لاٹھی چارج اور پانی کی بوچھاریں چھوڑی جاتی ہیںکسانوں کا جرم کیا ہے؟ صرف یہی نا کہ وہ اپنی محنت کا معاوضہ چاہتے ہیں۔ وہ اس ملک میں جینے کا حق چاہتے ہیں۔ وہ کسان جو پورے ملک کو کھلاتا ہے آج خود اپنے پیٹ کے لیے سڑکوں پر نکل آیا ہے۔ کسانوں کے اس احتجاج کو اور اس تحریک کو ناکام کرنے کے ساتھ ساتھ بدنام کرنے کی بھی کوشش کی جاتی ہے۔ ان لوگوں کو شرم نہیں آتی کہ وہ ان کسانوں کو خالصتانی بتا رہے ہیں جو اپنے حق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔اس موقع پرخرم انیس عمر جنرل سکریٹری آل انڈیا ،شیخ فیصل حسن جنرل سکریٹری دہلی پردیش ،،آصف رضا ،فیصل بابو ،سی کے زبیر یوتھ لیگ آل انڈیاجنرل سکریٹری ،معین الدین انصاری نائب صدر ،محمد نظام ،نورالشمس ،آصف انصاری ،مفتی فیروز الدین مظاہری سکریٹری ،عبدالحمید انصاری خزانچی ،محمد زاہد نائب خزانچی ،مدثر الحق ،شہزاداحمد یوتھ لیگ ،اتیب خان ایم ایس ایف کنوینر،شفیق احمد ،مصطفی منصوری،مولانا رحمت اللہ فاروقی،ارشاد احمد،مولانا دین محمد قاسمی،مولانا الطاف الرحمن،حافظ محمد اسلام وغیرہ شامل ہوئے۔