کجریوال بہانہ بناناچھوڑکرکام کریں،ویکسین کی کمی کی شکایت پرپرکاش جاوڈیکر برہم

نئی دہلی: وزیراعلیٰ اروندکجریوال دہلی میں کورونا ویکسین کی فراہمی پر مرکزی حکومت پرمسلسل حملہ کررہے ہیں۔ اب مرکزی حکومت نے کجریوال پرحملہ کیاہے۔ مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہاہے کہ دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکجریوال سیاست کررہے ہیں ، وہ بار بار ویکسین مانگ رہے ہیں۔ کل ہی دہلی میں ٹیکوں کی 50 لاکھ خوراکیں فراہم کی گئیں۔ خود کجریوال نے ان اعدادوشمارکے ساتھ ایک بیان دیا ہے۔ جاوڈیکر نے کہا ہے میں کجریوال سے پوچھنا چاہتا ہوں ، یہ 50 لاکھ ویکسین کی خوراک کہاں سے آئی ہے؟ انہوں نے کہاہے کہ ماضی میں بھی اسی طرح کجریوال نے آکسیجن کے بارے میں تنازعہ کھڑا کیا تھا۔ بعد میں انہوں نے خود کہا کہ دہلی میں آکسیجن زیادہ ہے۔ جاوڈیکر نے کہاہے کہ میں کجریوال سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ بہانے بنانا چھوڑ دیں۔ اس سے قبل دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے کہا ہے کہ ویکسین کی کمی کی وجہ سے اتوار سے دہلی میں 18+ ویکسینیشن بند کردی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ ویکسین کی کمی کی وجہ سے ویکسینیشن مراکز کو 18 سے 4 سال کی عمرکے گروپوں کے لیے بند کرنا پڑے گا۔ اس کے ساتھ ہی سی ایم کجریوال نے مرکز کی مودی سرکار کو چار تجاویز بھی دی ہیں کہ کس طرح ویکسین کی تعداد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔