Home قومی خبریں جماعت اسلامی ہند (حلقہ دہلی) کی جانب سے خواتین کے لیے میڈیا ورکشاپ کا انعقاد

جماعت اسلامی ہند (حلقہ دہلی) کی جانب سے خواتین کے لیے میڈیا ورکشاپ کا انعقاد

by قندیل

دہلی: میڈیا سے دلچسپی رکھنے والی طالبات و خواتین کی تربیت و استعداد سازی کے لیے جماعت اسلامی ہند، حلقہ دہلی کی جانب سےیک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ میڈیا ہال (مرکز جماعت اسلامی ہند) میں منعقدہ اس ورکشاپ میں تحریری صلاحیتوں میں ارتقاء پر ڈاکٹر خان یاسر (میڈیا سیکریٹری، جماعت اسلامی ہند، دہلی) اور ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق استعداد سازی پر جناب محمد ارشاد عالم (اسسٹنٹ میڈیا سیکریٹری، جماعت اسلامی ہند، دہلی) کے سیشن ہوئے۔
ڈاکٹر خان یاسر صاحب نے اس بات پر زور دیا کہ طالبات وسیع مطالعے کے ذریعے اپنی تحریری صلاحیت کو پروان چڑھائیں۔ انھوں نے اخبارات میں خطوط، رپورٹ، مضامین اور کہانیاں لکھنے سے متعلق عملی مشورے اور ہدایات بھی دیں۔ سیشن کے بعد طالبات و خواتین سے لکھنے کی عملی مشق بھی کرائی گئی۔ محمد ارشاد عالم صاحب اسسٹنٹ سکریٹری میڈیا جماعت اسلامی نے دور جدید میں ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت پر گفتگو کی نیز فوٹوگرافی، ویڈیو ریکارڈنگ اور ایڈیٹنگ کے سلسلے میں کار آمد ایپس کی نشاندہی کی۔ دونوں سیشنز میں سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق اہم باتیں سامنے آئیں۔ اوپن سیشن میں خواتین کے سوالات کے اطمینان بخش جوابات دیے گئے۔
پروگرام کا آغاز ڈاکٹر حفصہ تسنیم کی تذکیر بالقرآن سے ہوا۔ انہوں نے قران مجید کی روشنی میں اس ذمہ داری کی تذکیر کی کہ بلا تحقیق کسی بات کو آگے نہ بڑھایا جائے۔ ڈاکٹر فاطمہ تنویر صاحبہ (اسسٹنٹ سیکرٹری، جماعت اسلامی ہند، دہلی) نے اپنے افتتاحی کلمات میں صحافت کے بلند مقاصد اور معاشرے میں اس کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ جناب سلیم اللہ خان (امیر حلقہ، جماعت اسلامی ہند، دہلی) نے اپنے صدارتی خطاب میں خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے ارتقاء اور بہتر استعمال کی طرف توجہ دلائی۔ جویریہ فرحین صاحبہ نے کنوینر کے فرائض انجام دیے اور عظمی اوصاف صاحبہ نے کلمات تشکر پیش کیے۔ دہلی کے مختلف مقامات سے 37 طالبات و خواتین نے ورکشاپ سے استفادہ کیا۔

You may also like