نئی دہلی: دہلی میں منعقد ایک پروگرام میں آج جے سی بی انعام برائے ادب کا اعلان کردیا گیاہے اور یہ ایوارڈ اردو کے معروف فکشن نگار خالد جاوید کے مشہور ناول’نعمت خانہ‘ کے انگریزی ترجمہ ’دی پیراڈائس آف فوڈ‘ کو ملا ہے۔ خالد جاوید کے اس ناول کا ترجمہ باراں فاروقی نے کیا ہے۔ ان کا یہ ناول اردو میں 2014 میں منظر عام پر آیا تھا جسے شائقین و ناقدین ادب کے درمیان بڑی پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔ اس کا انگریزی ترجمہ اسی سال Juggernaut Publication سے شائع ہوا اور اسے بھی انگریزی قارئین کے درمیان غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی ۔ خالد جاوید اردو کے نامور فکشن نگار اور جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی میں اردو کے پروفیسر ہیں، بحیثیت فکشن نگار ان کی شناخت نہایت مستحکم ہے، زبان و بیان پر بھرپور دست رس، کہانی نگاری کی بے پناہ صلاحیت، مطالعہ و مشاہدہ کی وسعت و تعمق ،مختلف زبانوں اور ان کے ادب سے گہری واقفیت کی وجہ سے ان کا فن معاصرادیبوں اور تخلیق کاروں کے درمیان ایک خاص امتیاز کا حامل مانا جاتا ہے۔ انھیں اس باوقار ایوارڈ سے نوازے جانے پر اردو حلقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ اس سے معاصر اردو فکشن کی وسیع پیمانے پر تحسین و پذیرائی کا قابل قدر سلسلہ شروع ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل جے سی بی ایوارڈ جیوری کے ذریعے پانچ ناولوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جو سارے مختلف زبانوں کی تخلیقات کے تراجم تھے اور ان میں’نعمت خانہ‘(کے ترجمے) کے علاوہ منورنجن بیاپاری کا ’ایمان‘(بنگالی سے انگریزی ترجمہ) ، شیلا ٹومی کا’ویلی‘ (ملیالم سے انگریزی ترجمہ)، گیتانجلی شری کا ’ٹومب آف سینڈ‘(ہندی سے انگریزی ترجمہ) ،چوڈن کمیبو کا ’سونگ آف دی سوائل‘ (نیپالی سے انگریزی ترجمہ) شامل تھے،جبکہ ستمبر 2022 کے آغاز میں اس ایوارڈ کے لیے لانگ لسٹ کیے گئے دس ناولوں کا اعلان کیا گیا تھا، جن کا انتخاب 16 ریاستوں کے مصنفین کے ذریعے 1 اگست 2021 سے 31 جولائی 2022 کے درمیان آٹھ زبانوں کی تخلیقات؍تراجم سے کیا گیا تھا۔
یہ جے سی بی ایوارڈ کا پانچواں ایڈیشن تھا،جس میں پہلی بار اردو، ہندی اور نیپالی زبانوں کے ناولوں (کے تراجم) کو لانگ لسٹ اور پھر شارٹ لسٹ میں شامل کیا تھا۔ لانگ لسٹ میں رحمن عباس کے ناول ’روحزن‘ کا انگریزی ترجمہ بھی شامل تھا۔ JCB پرائز کے فاتح کو پچیس لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ مترجم کو دس لاکھ روپے بطور انعام دیے جائیں گے۔