Home قومی خبریں خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی میں یوم جمہوریہ کا انعقاد

خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی میں یوم جمہوریہ کا انعقاد

by قندیل

اس سال نئے عزائم کے ساتھ آگے بڑھنا ہمارامشن: پروفیسر موسوی
گلبر گہ (کے بی این نیوز) : ملکی آئین وقوانین سے ہماری زندگی خوب صورت ہوئی ہے۔ کیوں کہ ہمارے آئین میں ملکی سالمیت، قومی یکجہتی اور اس کی تعمیر وترقی پر خاصا زور دیا گیا ہے۔ خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر علی رضا موسوی نے یونیورسٹی کے وسیع وعریض لان میں منعقد ہ یوم جمہوریہ تقریب میں یہ باتیں کہیں۔ انھوں نے آئین وقوانین، حب الوطنی اور امن وسالمیت پر پیش کیے گئے طالبات کے پروگراموں کی تعریف وتحسین کی۔انھوں نے کہا کہ سن وسال کی تبدیلی اہم نہیں بلکہ اس کے ساتھ تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن ہونا اصل ہے۔ ہمیں 2024 میں نئے عزائم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ یونیورسٹی میں تعلیم وتعلم اور کلاس کے نظام کو دل کش بناناہمارا فریضہ ہے۔ پروفیسر موسوی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یونیورسٹی عورتوں کے لیے ایک مضبوط قلعہ ہے۔ یہی سبب ہے کہ یہاں نصف سے زائد طالبات اور خواتین عملہ موجود ہیں جن سے ہماری یونیورسٹی کی اہمیت وعظمت واضح ہوتی ہے۔ملک کی تعمیر وترقی میں ہمیں حصہ دار بننا لازمی ہے۔انھوں نے یہاں کے دوستانہ ماحول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے اسٹاف برسوں سے کام کررہے ہیں، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری یونیورسٹی کی فضا ایک خوب صورت فضا ہے۔
قبل ازیں پروفیسر علی رضا موسوی کی خدمت میں ڈین فیکلٹی آف لنگویجز، سائنسز، سوشل سائنسزپروفیسر نشاط عارف حسینی نے گلدستہ پیش کیا۔ ان کے علاوہ دیگر شعبوں کے اساتذہ نے یونیورسٹی کے تمام ڈین کا استقبال کیا۔ آزادی اور آئین کے جشن کیموقع پر علامتی طور پر پرندوں کو آزاد بھی کیا گیا۔ شعبہ انگریزی کی طالبہ فریحہ نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔ شعبہ قانون کے طالب علم سفیان قادری اور اردو کی طالبہ شہناز سلطانہ نے علی الترتیب انگریزی اور اردو میں یوم جمہوریہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ میڈیکل کی طالبہ سومترا نے سولو سانگ پیش کیا۔ خواجہ ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام چلنے والے اکبر حسینی اسکول کے طلبا نے وائس چانسلر کو گارڈ آف آنر دیا اور پریڈ کیا۔ اس پروگرام کا ایک حصہ ”سیو دی چائلڈ“ کی تھیم پرپیش کیا گیا ڈرامہ بھی ہے جس کے لکھنے والے اور ہدایت کار اردو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اطہر معزالدین ہیں۔ یہ ڈرامہ جہاں پیغام سے لبریز تھا وہیں مزاحیہ عناصر سے بھرپور۔ اس ڈرامے کی پیشکش میں ایجوکیشن فیکلٹی اور دیگر شعبوں کی طالبات نے حصہ لیا۔پروگرام کی خوب صورت نظامت شعبہئ اردو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اطیع اللہ اور شعبۂ انگریزی کے اسسٹنٹ پروفیسر شجاع الدین صفی نے مشترکہ طو پرکی۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی کی دل کشی اور صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتربنانے والے عملوں کو وائس چانسلر کے ہاتھوں خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔
اس موقع پر لنگویجز، سائنس اور سوشل سائنسز کی ڈین پروفیسر نشاط عارف حسینی، میڈیکل کے ڈین پروفیسر سدیس، انجینئرنگ کے ڈین ڈاکٹر اعظم،آئی کیوایس سی کے ڈائرکٹر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالبصیر، شعبۂ اردو کے صدر پروفیسر عبدالحمید اکبر کے علاوہ مختلف شعبوں کے صدور، کوآرڈینیٹرس، فیکلٹی اور طلبہ وطالبات موجود تھیں۔

You may also like