کشمیری لیڈروں سے مودی کی ملاقات :منظر اورپس منظر ـ افتخار گیلانی

نو ے کی دہائی کے وسط میں نئی دہلی میں کشمیر کو کور کرنے والے صحافیوں اور تجزیہ کاروں کو بخوبی علم ہوگا کہ جموں و کشمیر کے قضیہ اور انسانی حقوق کی دگرگوں ہوتی صورت حال کے حوالے سے بھارت کس قدر شدید عالمی دباؤ کا شکار تھا۔ مارچ 1994میں وزیر اعظم نرسمہا راؤنے چانکیہ نیتی کا بروقت استعمال کرکے ایران کو جھانسے میں لاکر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن (تب یہ ادارہ کونسل نہیں کہلاتا تھا) سے کسی طرح جان تو چھڑوائی، مگر اس کے عوض ایرانی صدر ہاشمی رفسنجانی کو کشمیر پر پیش رفت کی یقین دہائی کروائی۔ کمیشن میں قرار دار پاس ہونے کی صورت میں یہ براہ راست سلامتی کونسل کے سپرد کی جانے والی تھی، جہاں مغربی ممالک بھارت کے خلاف اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی تیاریا ں کر رہے تھے۔ بھارت کا دیرینہ دوست روس، سویت یونین کے بکھراوٗ کے بعد زخم چاٹ کر مغربی ممالک کو خوش کرنے کی قواعد میں مصروف تھا۔ (اس پورے آپریشن کی تفصیل میں اپنے کالمز میں تحریر کر چکا ہوں)۔

خیر ایران سے کیے گئے وعدے کے پیش نظر غالباً 1995میں نیشنل کانفرنس نے ایک مدلل میمورنڈم وزیر اعظم نرسمہا راوٗ کے سپرد کردیا، جس میں 1950میں بھارت کے وزیر اعظم جواہر لال نہرو اور شیخ عبداللہ کے درمیان طے پائے گئے معاہدے یعنی دہلی ایگریمنٹ کو قانونی شکل دینے، اسکو پارلیمنٹ سے پاس کروانے اور ریاست کی 1953سے قبل کی پوزیشن بحال کرنے کا ایک طریقہ کار وضع کیا گیا تھا۔ نیشنل کانفرنس کی ایما پر اسکا خالق کون تھا، ابھی سربستہ راز ہی ہے۔ اسکے چند روز بعد ہی 4نومبر 1995کو نرسمہا راوٗ نے افریقی ملک برکینو فاسو کا دورہ کرتے ہوئے کشمیر مسئلہ کو سلجھانے کا عندیہ دے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ خودمختاری دینے کیلئے وہ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ ان کا انگریزی کا جملہ Sky is the Limitخاصا مشہور ہوگیا۔ اس دوران بھارت کے ادارے مئی 1996میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے نیشنل کانفرنس کی خوشامدیں کر رہے تھے ۔ مگر اس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نئی دہلی میں ان کے نمائندے پروفیسر سیف الدین سوز ٹس سے مس نہیں ہو رہے تھے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ پہلے آٹانومی یاکوئی سیاسی پیکیج ان کے حوالے کر دیاجائے، جس کو لیکر و ہ عوام کے پاس جایئنگے۔ ان کی پارٹی نے لوک سبھا کے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرکے ان کی افادیت پر ہی سوالیہ نشان لگادیا۔

ان ملک گیر انتخابات میں کانگریس پارٹی کو شکست ہوگئی، مگر جنتا دل کی قیادت میں دیو گوڑا اور بعد میں اندر کمار گجرال کی قیادت میں کانگریس کی ہی بیساکھیوں پر نئی حکومت قائم ہوگئی۔ اس حکومت میں بائیں بازو کے مشہور راہنما اندر جیت گپتا وزیر داخلہ بنائے گئے تھے۔ بھارتی اداروں نے اب ریاست میں اسمبلی انتخابات منعقد کروانے کی ٹھانی اور اسکے لئے ایک بار پھر نیشنل کانفرنس کو راضی کروانے کی کوششیں شروع کردیں۔ وزیر اعظم دیو گوڑا کے دست راست سی ایم ابراہیم نے و زارت داخلہ کے اہم افسران کے ہمراہ لندن میں فاروق عبداللہ کے ساتھ طویل گفت شنید کی، جس میں ان سے وعدہ کیا گیا کہ اسمبلی میں ا ن کو قطعی اکثیریت دلانے میں مدد کی جائیگی اور اسکے فوراً بعد وہ نرسمہا راؤ  کو دئے گئے میمورنڈم کو ایک ریزولوشن کی صورت میں بھاری اکثریت سے اسمبلی میں پاس کرواکے مرکزی حکومت کو بھیج دیا جائیگا۔ جس کو پارلیمنٹ میں پیش کرکے ایک قانون کے طور پر پاس کیا جائےگا ۔ 87رکنی اسمبلی میں نیشنل کانفرنس کو 57، کانگریس کو 26اور اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کو محض دو نشستیں حاصل ہوئی۔ مگر انتخابات کے بعد ان کو بتایا گیا کہ اس میمورنڈم کا جائزہ لینے کےلیے پہلے ایک کمیشن تشکیل دیں اور جب تک کہ یہ کمیشن اپنی رپورٹ اسمبلی میں پیش کرتا، جنتا دل حکومت کا تختہ پلٹ چکا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 1996میں فاروق صاحب اگر تھوڑا صبر کرتے، تو ان کی انتخابا ت میں شرکت کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی فورمز میں سبکی سے بچنے کےلیے نئی دہلی کی حکومت کوئی نہ کوئی سیاسی پیکیج ان کو ضرور تھما دیتی۔ بھارتی حکومت کے سر سے نیشنل کانفرنس کی انتخابات میں شرکت کی وجہ سے بلا ٹل چکی تھی۔ سویت یونین کے بکھراو ٗکے بعد روس جو مغربی ممالک کی پناہ میں چلا گیا تھا، سخوئی (Sukhoi MK -30)جنگی جہازوں کے سودے نے اسکو دوبارہ بھارت کا اتحادی بنا دیا۔ اس سودے نے اقتصادی صورت حال سے پریشان صدر بورس یلسٹن کو انتخابات میں دوبارہ کامیاب کروانے میں خاصی مدد کی۔

لگتا ہے کہ ایک بار پھر وہی تاریخ دہرائی جا رہی ہے۔ پچھلے دو سالوں سے دنیا بھر میں بھارت کے سفیر وہ نہیں کر پائے جو 24جون دن کے تین بجے وزیر اعظم نریندر مودی کی سرکاری رہائش گاہ پر اس گروپ فوٹو نے کیا، جس کی پہلی قطار میں وزیراعظم، ان کے دست راست وزیر داخلہ امیت شاہ، ڈاکٹر فاروق عبداللہ ان کے فرزند عمر عبداللہ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی کے ہمراہ نظر آئے۔ لگتا تھا کہ ایک بار پھر مودی کے بغل میں یہ لیڈران امیر خسرو کا کلام
من تو شدم تو من شدی‘
من جاں شدم‘ تو تن شدی
تاکس نہ گوید بعد ازیں‘ من دیگرم تودیگری ،گنگنا رہے تھے،
جو 1947میں شیخ عبداللہ نے لال چوک میں نہرو کا استقبال کرتے ہوئے ادا کیے تھے۔

اگر اس بار بھی فاروق صاحب صبر کرکے میٹنگ میں اپنی شمولیت کو اعتماد سازی کے کسی اعلان سے مشروط کرواتے تو شاید نئی دہلی کسی حد تک اس کو پور اکر سکتی تھی۔ فروری میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کے بعد ہی اس طرح کی میٹنگ کی قواعد شروع ہو چکی تھی، اور وزارت داخلہ کے اہلکار یہ جاننے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسطرح کی دعوت دینے کی صورت میں نیشنل کانفرنس کا کیا رد عمل ہوگا؟ ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کونسل کے انتخابا ت نے کنگز پارٹیوں کی ہوا نکال کر رکھ دی تھی، اور نئی دہلی کو یہ ادراک ہو گیا تھا کہ کسی سیاسی عمل کےلیے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی پر ہی تکیہ کرنا پڑے گا۔ اس میٹنگ میں گو کہ ان جماعتوں نے ریاستی درجہ اور خصوصی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ تو کیا، مگر وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے دوٹوک الفاظ میں ان کو بتایا کہ دفعہ 370اور 35اے کا معاملہ تو اب عدالت کے سپرد ہے، اس لیے  اس کے فیصلہ کا انتظار کیا جائے۔ مگر ریاستی درجہ کی بحالی کےلیے امیت شاہ نے ایک روڈ میپ ان کے گوش گزار کر دیا۔ مارچ 2020میں جسٹس رنجنا ڈیسائی کی قیادت میں ایک حدبندی کمیشن تشکیل دیا گیا ہے، جو اسمبلی حلقوں کی از سر نو حد بندی کریگا اور بعد میں اس نئی حد بندی کے تحت اسمبلی کے انتخابات منعقد ہونگے۔ پھر یہ اسمبلی ایک قرارداد پاس کرکے پارلیمنٹ سے ریاستی درجہ کی بحالی کی گزارش کریگی۔ جس کے بعد ہی وزرات داخلہ اس پر قانون سازی کرنے کا کام شروع کرسکتی ہے۔

مودی حکومت کی سب سے بڑی حصولیابی یہ رہی کہ نیشنل کانفرنس نے اس حد بندی کمیشن میں شرکت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس سے قبل اس نے اس کمیشن کا بائیکاٹ کیا ہوا تھا۔ چونکہ نیشنل کانفرنس سے تعلق رکھنے والے لوک سبھا کے تین اراکین اس کے ایکس آفیشیو Ex-officioممبران ہیں، اس لیے  ان کی عدم موجودگی کہ وجہ سے کمیشن اپنا کام نہیں کر پا رہا تھا۔ جس وقت یہ کمیشن ترتیب دیا گیا تھا تو اس وقت اسکے دائرہ اختیار میں جموں و کشمیر کے علاوہ آسام، منی پور، ارونا چل پردیش اور ناگالینڈ میں اسمبلی حلقوں کی بھی حد بندی کرنی تھی ۔ مگر اس سال مارچ میں جب اسکی ٹرم کو ایک سال اور بڑھا دیا گیا، تو اسکے دائرہ اختیار سے شمال مشرقی صوبوں کو نکال دیا گیا۔ ان کی حد بندی اب بھارت کے دیگر صوبوں کے ساتھ 2026میں ہی ہوگی۔ آخر اگر جموں و کشمیر اب ملک کے دیگر صوبوں کی ہی طرح ہے تو صرف اسی خطے میں ہی الگ سے حد بندی کیوں کرائی جا رہی ہے؟ اسکی وجہ بس یہی لگتی ہے کہ کمیشن اسمبلی نشستوں کو کشمیر اور جموں کے ڈویژنوں میں برابر تقسیم کرنا چاہتا ہے۔ یعنی آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے وادی کشمیر کو اسمبلی میں جو برتری حاصل تھی، اس کو ختم کیا جائے۔

2011کی مردم شماری کے مطابق وادی کشمیر کی آبادی 68.8 لاکھ اور جموں کی 53.7لاکھ تھی۔ ظاہر سی بات ہے کہ آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے وادی کشمیر کی اسمبلی نشستوں کی تعداد 46اورجموں کی 36تھی۔ مگر کمیشن کے سامنے بھارتیہ جنتا پارٹی کے نمائندے مرکزی وزیر جیتندر سنگھ نے دلیل دی ہے کہ آبادی کے بجائے رقبہ کو حد بندی کا معیار بنایا جائے۔ چونکہ جموں کا رقبہ 26,293مربع کلومیٹر اور کشمیر کا 15,520مربع کلومیٹر ہے، اسی لیے ان کا کہنا ہے کہ جموں کی سیٹوں میں اضافہ ہونا چاہیے ۔ نئی اسمبلی میں اب 90نشستیں ہونگی۔ مگر جغرافیہ کو معیار بنانے کے بعد ان کی پارٹی کو ادراک ہوگیا کہ جموں خطے کی سیٹیں تو بڑھ جائیگی ، مگر اس سے تو مسلم اکثریتی علاقوں پیر پنچال اور چناب ویلی کو فائدہ ہو رہا ہے، کیونکہ ان کا رقبہ جموں کے ہندو اکثریتی علاقے سے زیادہ ہے۔ چت بھی میری اور پٹ بھی میری کے مصداق اب نئے فارمولہ کے تحت کل 90نشستوں میں 18سیٹیں درج فہرست ذاتوں یعنی دلتوں اور درج فہرست قبائل کےلیے مختص ہونگی ۔ اس کے علاوہ جموں میں رہنے والے پاکستانی مہاجرین اور کشمیری پنڈتوں کےلیے بھی سیٹیں مخصوص رکھنے کے مطالبات پر غور ہو رہا ہے۔ دونوں خطوں کو برابر 45سیٹیں دی جائیں گی ۔ پھر ان میں سیٹیں مخصوص ہونگی، تاکہ وادی کشمیر سے مسلمان ممبران کم سے کم تعداد میں اسمبلی میں پہنچیں۔ جس ریاست میں مسلم آبادی کا تناسب 68.5فیصد ہے ، وہاں اسمبلی میں ان کا تناسب 50فیصد تک رہ جائےگا ۔

یہ فارمولہ کئی دہائیوں سے بھارت کی دیگر ریاستوں میں کامیابی کے ساتھ آزمایا جا چکا ہے۔ 2005میں حکومت کی طرف سے قائم جسٹس راجندر سچر کمیٹی نے اس پر خوب بحث کی ہے۔ جن سیٹوں سے مسلم امیدوار کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں، ان کو دلتوں کےلیے مخصوص نشتوں کی فہرست میں ڈال کر وہاں سے کسی مسلم امیدوار کی قسمت آزمائی کے امکانات ہی ختم کر دیے گئے ہیں۔ اتر پردیش کے نگینہ میں مسلمانوں کا تناسب 43.21فیصد اور دلتوں کا 22.5فیصد ہے، مگر اسکو دلتوں کےلیے ریزرو کرنے سے کوئی مسلم امیدوار انتخاب لڑ ہی نہیں سکتا ہے۔ اس کے برعکس دھورریا میں جہاں دلت 30فیصد ہیں اور مسلمان کم ہیں ، کو جنرل نشستوں کی فہرست میں رکھا گیا ہے ۔ سچر کمیٹی نے ایسی بہت سی نشستوں کی فہرست شائع کی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ ان ہی نشستوں کو مخصوص کیا جائے ، جہاں دلت آبادی 30فیصد سے زیادہ ہے۔ اس فارمولہ کی وجہ سے قانون ساز اداروں میں مسلم نمائندگی قابو میں رہتی ہے اور چونکہ مسلمان ان سیٹوں کو ریزرو کرنے کی مخالفت کرتے ہیں تو ان کو دلتوں کے حقوق کے مخالفیں کے طو پر پیش کرکے ان دونوں طبقوں کو آپس میں لڑوانے کا بھی کام ہو جاتا ہے۔ یہی کچھ اب جموں و کشمیر میں بھی دہرایا جانے والا ہے ۔

جموں خطے میں مسلمان 31فیصد، دلت 18فیصد، برہمن 25فیصد، راجپوت یا ڈوگرہ 12فیصد ، ویشیا یعنی بنیا 5 فیصد اور دیگر یعنی سکھ وغیرہ 9فیصد کے لگ بھگ ہیں۔

افسر شاہی میں تو پہلے ہی مقامی مسلمانوں کو پتہ کٹ چکا تھا۔ خود حکومت جموں و کشمیر کے ہی اعداد و شمار کے مطابق 24سیکرٹریوں میں بس 5مسلمان ہیں۔ 58اعلیٰ سرکاری افسران میں بس 12مسلمان ہیں۔ دوسرے درجہ کے افسران یعنی کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس میں بھی 42فیصد ہی مسلمان ہیں، جبکہ ان کی آبادی 68فیصد سے زائد ہے۔ پولیس کے 66اعلٰی افسران میں بس سات ہی مقامی مسلمان ہیں۔

سنکیانگ میں اوغور مسلمانوں پر مظالم کو مغربی دنیا چین کے خلاف ایک ہتھیار بنانے سے قبل بھارت کو ایک جمہوری اقدار والے ملک کے بطور پیش کرنے کےلیے کوشاں ہیں۔ اس لیے امریکہ سمیت مغربی ممالک بھارت پر زور دے رہے ہیں کہ کشمیر پر کچھ پیش رفت دکھا کر اپنے آپ کو چین کے مقابلے ایک فراخ دل پاور کے روپ میں پیش کرے۔ 24جون کی میٹنگ سے قبل برطانیہ میں منعقد گروپ 7کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے بھارت کو جمہوری اقدار اور آزادی کا محافظ قرار دیا۔ مذاق ہی سہی۔ مگر اس مذاق کو حقیقت کا روپ ڈھالنے کےلیے بھارت سے مطالبہ کیا جانا چاہیے تھا کہ ان جمہوری اقدار اور جموری آزادی کا اطلاق کشمیر میں بھی کرے اور کم از کم سیاسی قیدیوں کی رہائی ہی یقینی بنائی جاتی۔

شاید 24 جون کی اس میٹنگ میں آنے سے قبل نیشنل کانفرنس اور بیک چینل سے جاری مذاکرات میں پاکستان اس کو پیشگی شرط کے طور پر پیش کرسکتا تھا۔ مگر کیا کیا جائے، ناز ک اوقات میں نیشنل کانفرنس کے لیڈراپنی بدھی کھو کر اقتدار کی نیلم پری سے بوس و کنار کرنے کےلیے بے تاب ہوکر قوم کو ارزاں فروخت کرکے پھر انہی طاقتوں کے ساتھ ہاتھ ملاتے ہیں، جن کے خلاف برسرپیکار ہوتے ہیں۔

(مضمون میں پیش کردہ آرا مضمون نگارکے ذاتی خیالات پرمبنی ہیں،ادارۂ قندیل کاان سےاتفاق ضروری نہیں)