Home نقدوتبصرہ کانسے کا سورج سونے کا چاند : ایک دلچسپ افسانوی مجموعہ

کانسے کا سورج سونے کا چاند : ایک دلچسپ افسانوی مجموعہ

by قندیل

تعارف و تبصرہ : شکیل رشید 

نسیم نقوی صرف صحافی نہیں ایک افسانہ نگار بھی ہیں ، میں یہ نہیں جانتا تھا ۔ ان کا مجموعہ ’ کانسے کا سورج سونے کا چاند ‘ مجھے چند مہینے قبل موصول ہوا تھا ، لیکن اسے پڑھنے کا موقعہ اب کہیں جا کر ملا ۔ ایک ’ صحافی افسانہ نگار ‘ کو پڑھنے کا میرا تجربہ کچھ بُرا نہیں تھا ، بلکہ سچ کہیں تو یہ روایتی انداز کے سیدھے سادے افسانے مجھے اچھے لگے ۔ نسیم نقوی کے افسانوں میں زبان اور بیان کا ایک ایسا فطری بہاؤ ہے ، جو اپنے ساتھ قاری کو بہائے لیے چلتا ہے ۔ اور ایسا کیوں نہ ہو ! ان کی تربیت ایک ایسی ماں کی گود میں ہوئی ہے ، جن کا ادبی ذوق اعلیٰ تھا ، اس کا ذکر ، اپنی صحافت کے ذکر کے ساتھ ، انہوں نے اس مجموعے کی ’ تمہید ‘ میں کیا ہے ۔ وہ لکھتے ہیں : ’’ کہانی اور فکشن کے لیے جو لگاؤ ماں سے ورثے میں ملا صحافت میں آتے ہی آخری سانس لینے لگا ۔ یہ احساس بھی ہوتا گیا کہ فکشن جیسے کوئی گناہ ہو ۔ مگر کئی برسوں بعد یہ بھی پتہ چلا کہ خبرنگاری کے لیے زبان دانی اور فکشن سے وابستگی بے حد ضروری یے ۔ لیکن پھر ایسا وقت بھی آیا جب نیوز میڈیا والے حقائق سے زیادہ فکشن اور کہانی پروسنے لگے ۔ شکر رہا کہ ہم اس میڈیا میں رہے جہاں صرف حقائق کی ہی بالا دستی ہے ۔‘‘ کسی بھی ’ صحافی افسانہ نگار ‘ کو پڑھنے کا مطلب ، کم سے کم جھوٹ پڑھنا اور حقائق کا زیادہ سے زیادہ سامنا کرنا ہے ۔ نسیم نقوی نے اپنی زیادہ تر کہانیوں کی بنیاد سماجی حقائق پر رکھی ہے ، جس کے لیے گہرا مشاہدہ لازمی ہے ، اس لیے یہ کہانیاں پڑھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ ہم اپنے اردگرد کی ، اپنے آس پاس کی کہانیاں پڑھ رہے ہیں ، یعنی یہ کہانیاں ہمیں کسی اور سیارے کی نہیں ، اپنی دنیا کی لگتی ہیں ۔ سرورق کی کہانی ’ کانسے کا سورج سونے کا چاند ‘ لے لیں ۔ یہ کہانی ایک ایسی تعلیم یافتہ عورت کی ہے جو شادی کے بعد اپنے شوہر کی خوشیوں کے سامنے ، جو خود اعلیٰ تعلیم یافتہ اور امریکہ میں اعلیٰ ملازمت پر فائز ہے ، اپنی خوشیاں اور خواہشات تج دیتی ہے ۔ لیکن شوہر کے لیے وہ بس ایک بیوی ہوتی ہے ، ایسی بیوی جس پر اپنی بات تھوپی جائے ۔ اس کہانی میں میاں بیوی کے درمیان ’ دو بچوں ‘ کے بعد ’ تیسرے بچے ‘ کی خواہش حائل ہوجاتی ہے ، اور کہانی ایک دلچسپ رُخ اختیار کر لیتی ہے ۔ کیسا رُخ ؟ اس سوال کا جواب یہ کہانی پڑھ کر حاصل کریں ۔ یقیناً یہ کہانیاں اپنے پڑھنے والوں کو مایوس نہیں کریں گی ، یہ دلچسپ ہیں ہی ، بلکہ اتنی دلچسپ ہیں کہ جب کوئی انہیں پڑھنا شروع کردے تو وہ تمام کہانیاں پڑھے بغیر مجموعہ چھوڑ نہیں سکتا ۔ اس کتاب کا انتساب مصنف نے والدین کے نام کیا ہے ۔ عرشیہ پبلی کیشنز ، نئی دہلی سے شائع یہ 116 صفحات پر مشتمل کتاب 200 روپیے میں حاصل کی جا سکتی ہے ۔ اسے حاصل کرنے کے لیے موبائل نمبر 9899706640 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔

You may also like