کنگنا رناوت کےخلاف ٹویٹر نے بڑا قدم اٹھایا ،متنازعہ ٹویٹس ڈیلیٹ کیے

ممبئی:بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت مسلسل سوشل میڈیا پرمتنازعہ بیانات کے ساتھ سرگرم رہتی ہیں۔ حال ہی میں کسانوں کی تحریک کی حمایت میں ریحانہ کے ٹویٹ کرنے کے بعدکنگنا رناوت نے کسانوں کی تحریک کی حمایت کرنے والوں کے خلاف انتہائی متنازعہ ٹویٹ کردیا۔تاہم ٹویٹر نے اب کنگنا رناوت کے کچھ متنازعہ ٹویٹس کو ہٹا دیا ہے۔ ٹویٹر نے کہا ہے کہ کنگنا کے ٹویٹس نے ان کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے لہٰذا ان کو ختم کردیاگیا ہے۔ جب کنگنا کا ٹویٹ حذف کردیا گیا تو ٹویٹر کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہم نے ان ٹویٹس پر ایکشن لیا ہے جو ٹویٹر کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے تھے۔ اب کنگنا کی یہ متنازعہ ٹویٹس ان کے ہینڈل پر دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔ ان میں سے ایک کنگنا کا روہت شرما اور دوسرے کرکٹرزکے بارے میں متنازعہ ٹویٹ تھا جس میں انہوں نے کرکٹرز کا موازنہ ’دھوبی کا کتا‘سے کیا تھا۔کنگنا وہی کھاتہ سنبھال رہی ہیں جسے اگست سے کنگنا کی ٹیم سنبھالتی تھی۔ سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعدسے کنگناہمیشہ ہی اپنے مخالفین کے خلاف مسلسل طعنہ زنی کی وجہ سے روشنی میں رہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں کنگنارناوت مسلسل کسانوں کی تحریک کے خلاف ٹویٹ کرتی رہی ہیں۔