کنگنارناوت اورارنب گوسوامی آپ کے لیے’ دیش بھکت‘ اورکسان غدار؟،سنجے راوت کی راجیہ سبھا میں زوردارتقریر

نئی دہلی:شیوسینا لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر سنجے راوت نے ایک بار پھر مودی حکومت کو نشانہ بنایاہے۔ انہوں نے کہاہے کہ آج کے دور میں جو شخص سچ بولتا ہے اسے غدار کہا جاتا ہے ، مقدمہ دائر کیا جاتا ہے۔ سنجے راوت نے کہاہے کہ ہمارے ممبر سنجے سنگھ،ششی تھرور اور صحافیوں پر غداری کا مقدمہ درج کیا گیاہے۔صدر کے خطاب پر راجیہ سبھا میں پیش کردہ شکریہ کی تحریک پربحث میں حصہ لیتے ہوئے شیو سینا کے رہنما سنجے راوت نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ قانون کی کتاب سے آئی پی سی کو ایک حصے میں محدود کردیا گیا ہے ، اوروہ غداری ہے۔ گھریلو تشدد کے معاملات میں بھی غداری کے مقدمات درج کردیئے جاتے ہیں۔شیوسینا رہنما نے کہا کہ آپ کے لیے محب وطن کون ہے؟ ارنب گوسوامی ، کنگنا رناوت؟جس نے ضروری دستاویزات لیک کیں وہ دیش بھکت ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی جی کو بڑی اکثریت ملی ہے اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔اکثریت ملک چلانے کی ہے۔ اکثریت تکبرکے ساتھ نہیں چلتی۔سنجے راوت نے کہا کہ جس طرح کسانوں کی تحریک کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے وہ ملک کے وقارکے لیے اچھانہیں ہے۔ ہم سب کے لیے اچھا نہیں ہے۔ 26 جنوری کو لال قلعہ میں ترنگے کی توہین کی گئی تھی۔سب اداس تھے۔ کسان احتجاج کے دن سے 100 سے زیادہ نوجوان لاپتہ ہیں۔ وہ کہاں ہیں؟ پولیس نے انکاؤنٹرکیا یا کیا کیا کچھ پتہ نہیں ہے۔