کام یابی کے گُر ـ ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

تعلیمی اور معاشی میدان میں طلبہ اور نوجوانوں کی رہ نمائی کے لیے آج کل بہت سے پروگرام چلائے جارہے ہیں ، ٹریننگ کیمپس اور ورک شاپس منعقد کیے جارہے ہیں اور کتابیں تصنیف کی جارہی ہیں ـ زیرِ نظر کتاب میں خاص طور پر طلبۂ مدارس کو مخاطب بنایا گیا ہے اور عملی زندگی میں کام یابی حاصل کرنے کے لیے رہ نمائی فراہم کی گئی ہے _ اس کے مصنف جناب نقی احمد ندوی ہیں ، جو ان دنوں بہ سلسلۂ ملازمت ریاض (سعودی عرب) میں مقیم ہیں ـ موصوف سوشل میڈیا پر ایکٹیو ہیں ـ مختلف موضوعات پر ان کے ویڈیوز یو ٹیوب پر موجود ہیں ـ ان کی بے باک تحریریں بعض لوگ کی ناراضی کا سبب بنی ہیں ، لیکن بہر حال ہر شخص کے جملہ خیالات سے تمام افراد کو اتفاق نہیں ہوسکتاـ

اِس کتاب میں طلبۂ مدارس کو مستقبل میں کام یابی اور ترقی کے لیے رہ نمائی فراہم کی گئی ہے اور ان کے لیے مفید لائحۂ عمل پیش کیا گیا ہےـ یہ کتاب 5 ابواب پر مشتمل ہےـ باب اول میں کام یابی کے اصولوں سے بحث کرتے ہوئے مقصد کے تعیّن کی ضرورت و اہمیت اور طریقۂ کار سے بحث کی گئی ہےـ باب دوم میں کام یابی کی شرائط : حصولِ مقصد کی تڑپ ، خود اعتمادی ، محنت اور عملِ پیہم پر اظہارِ خیال کیا گیا ہےـ باب سوم میں مستقبل کی منصوبہ بندی کی ضرورت اور اس کا طریقہ بیان کیا گیا ہےـ باب چہارم میں ان پیشوں کا تذکرہ کیا گیا ہے جنھیں فارغینِ مدارس اختیار کرسکتے ہیں ، مثلاً قانون ، سیاست ، صحافت ، تجارت ، ترجمہ نگاری ، وغیرہ ـ باب پنجم میں ان عوامل سے بحث کی گئی جو کام یابی کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں ، مثلاً نظم و ضبط میں کمی ، منصوبہ بندی کا فقدان تیاری کی عدمِ صلاحیت ، رِسک نہ لینے کا مزاج ، پوچھنے اور مدد مانگنے میں ہچکچاہٹ ، موقع شناسی کی عدمِ قابلیت اور شارٹ کٹ اپنانے کی عادت ، وغیرہ ـ

کتاب بہت سادہ اور عام فہم انداز میں لکھی گئی ہےـ طلبہ کی نفسیات کو پیشِ نظر رکھا گیا ہےـ درمیان میں واقعات بیان کرکے کتاب کو دل چسپ بنانے کی کوشش کی گئی ہےـ اس کے مطالعہ سے بوجھل پن کا احساس نہیں ہوتا بلکہ ابتدا سے آخر تک دل چسپی برقرار رہتی ہےـ

فاضل مصنف نے بہت درست بات لکھی ہے کہ جس طرح کوئی ڈاکٹر یا حکیم کسی شخص کو دوا کا کوئی نسخہ دے ، مگر وہ شخص دوا نہ کھائے اور ڈاکٹر کی ہدایت پر عمل نہ کرے تو اسے شفا نہیں مل سکتی ، اسی طرح کسی کتاب کے صرف اصول و ضوابط پڑھ لینے سے کام یابی نہیں مل سکتی ، بلکہ انہیں پوری سنجیدگی ، اہتمام اور ذمہ داری کے ساتھ زندگی میں نافذ کیا جائے تبھی متوقع نتیجہ حاصل ہوسکتا ہےـ
یہ کتاب طلبۂ مدارس کے لیے بہت قیمتی تحفہ ہےـ امید ہے ، وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گےـ

نام کتاب : نشانِ راہ
مصنف : نقی احمد ندوی
صفحات : 232 ، قیمت : 300 روپے
ناشر : مرزا ورلڈ بک ہاؤس
قیصر کالونی، اورنگ آباد (مہاراشٹر)
موبائل: 9325203227/7798077863