کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے ملک کاسب سے اعلی عہدہ ملے گا:رام ناتھ کووند

لکھنؤ /کانپور: صدر رام ناتھ کووند نے اتوار کے روز کہا کہ انھوں نے کبھی خواب میں بھی سوچا نہیں تھا کہ وہ ملک کے اعلی ترین عہدے پر فائز ہوں گے۔کووند نے کانپور دیہات ضلع کے پارونکھ گاؤں (ان کی جائے پیدائش) میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ مجھے ملک کے سب سے اعلی عہدے پر فائز ہونے کا اعزاز ملے گا، لیکن ہمارے جمہوری نظام نے ایسا کیا ہے۔ مجاہدین آزادی اور آئین سازوں کوصدر نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ میں آج جہاں بھی پہنچا ہوں، اس کا سہرا اس گاؤں، اس خطے کی سرزمین اور آپ کی محبت اور دعائوں کو نتیجہ ہے۔ والدین جیسے بزرگوں کا احترام کرنا ہماری روایت ہے اور مجھے خوشی ہے کہ ہمارے خاندان میں بزرگوں کا احترام کرنے کا یہ رواج اب بھی جاری ہے۔کووند نے کہاکہ جہاں بھی میں رہوں گا، میرے گاؤں کی مٹی کی خوشبو اور میرے گاؤں کے لوگوں کی یادیں ہمیشہ میرے دل میں رہیں گی۔ پارونکھ گاؤں میری ’مادری سرزمین‘ ہے، جہاں سے مجھے ملک کی خدمت کرنے کی ترغیب ملی ہے۔صدر نے کہاکہ مادروطن کی اس تحریک نے مجھے ہائی کورٹ سے لے کر سپریم کورٹ، سپریم کورٹ سے راجیہ سبھا، راجیہ سبھا سے راج بھون اور راج بھون سے راشٹرپتی بھون تک پہنچایا ہے۔