جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی مدھو کوڑا کی نا اہلی برقرار

نئی دہلی:دہلی ہائی کورٹ نے جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی مدھو کوڑا کی کوئلہ گھوٹالے میں الزام ثابت ہونے پر روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ ان کے مکمل طور معصوم ثابت نہیں ہونے تک انہیں کسی بھی طرح کے عوامی عہدے کیلئے الیکشن لڑنے کی اجازت دینا مناسب نہیں ہوگا۔جسٹس وبھو باکھر نے کہا کہ وسیع رائے یہ ہے کہ جرائم سے منسلک افراد کو عوامی عہدوں کیلئے انتخابات لڑنے کا نااہل قرار دیا جانا چاہئے،لہذا کوڑا کے پاک صاف ہونے تک مجرم قرار دئے جانے پر روک لگانا ٹھیک نہیں ہے۔کوڑا نے 2019 کے جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات لڑنے کے لئے اپنے جرم ثابت ہونے پر روک لگانے کی درخواست کرتے ہوئے عرضی دائر کی تھی۔عدالت نے 19 مارچ کو ان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔عدالت نے کہاکہ درخواست گزار کو اس وقت تک عوامی عہدوں کے انتخاب لڑنے دینے کی اجازت دینا ٹھیک نہیں ہے، جب تک کہ وہ بے قصور ثابت نہ ہو جائیں۔ ایک نچلی عدالت نے کوڑا کو جھارکھنڈمیں واقع کوئلہ بلاک کے کولکاتہ میں واقع کمپنی پوہ آئرن اور اسٹیل صنعت لمیٹڈ کو الاٹمنٹ میں 2017 میں بدعنوانی اور سازش کا مجرم پایا تھا۔