JEE اور NEET امتحانات پر مرکز سے بولے راہل گاندھی:طلباء کے بھی ’من کی بات‘ سنیں

نئی دہلی:وزیر اعظم مودی کے ’من کی بات‘ پروگرام پر طنزکرتے ہوئے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کوطلباء کے من کی بات سنتے ہوئے JEE اورNEETکے امتحانات روکنے کی اپیل کی ہے۔ راہل گاندھی نے کہاکہ آج ہمارے لاکھوں طلباء حکومت سے کچھ کہہ رہے ہیں۔ NEET، JEE امتحانات کے بارے میں ان کی بات سنی جانی چاہئے اور حکومت کو معقول حل تلاش کرنا چاہئے۔واضح رہے کہ دونوں امتحانات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ طلباء اور ان کے والدین کر رہے ہیں۔ بہت سے رہنما بھی اس مطالبے میں شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کورونا بحران کے درمیان ان امتحانات کا انعقاد خطرے سے خالی نہیں ہے۔ وہیں سپریم کورٹ بھی اس معاملے میں والدین کی جانب سے دی گئی درخواست کی سماعت کرنے والی ہے۔ اس سے قبل دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسوڈیا نے بھی انجینئرنگ اور میڈیکل سے متعلق داخلہ امتحانات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مرکز سے اپیل کرتے ہوئے کوئی متبادل تلاش کرنے کی بات کہی ہے۔ تاہم مرکزی حکومت ان امتحانات کے بارے میں پرعزم ہے جس میں لاکھوں طلباء پورے ملک میں بیٹھنے والے ہیں۔ امتحانات کے لئے ایڈمٹ کارڈ جاری کردیا گیا ہے اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے اسے ڈاؤن لوڈ بھی کرلیا ہے۔