جے ڈی یو- ایل جے پی کے درمیان تلخی نے شدت اختیار کی،چراغ پاسوان کا مودی کو خط

پٹنہ:این ڈی اے میں ابھی تک سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔حکمراں جے ڈی یو اور اس کی حلیف ایل جے پی کے درمیان تلخی بڑھ گئی ہے۔دونوں پارٹیوں کی طرف سے بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے اسی درمیان ایک اہم خبر موصول ہوئی ہے۔ ایل جے پی کے سربراہ چراغ پاسوان نے وزیراعظم نریندر مودی کے نام ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں بہار کے وزیراعلی نتیش کمار کی حکومت میں عوام کو ہورہی پریشانیوں سے باخبر کیا ہے۔ ایل جے پی کے سربراہ چراغ پاسوان نے بہار کی سیاسی صورتحال کے بارے میں وزیر اعظم مودی کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے۔ مکتوب میں بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے بارے میں ایل جے پی کی رائے کے بارے میں معلومات دی گئی ہیں۔ ابھی دو دن پہلے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بہار کا دورہ کیاتھا اور ایک بیان میں کہا تھا کہ این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔ لیکن چرا غ کے وزیر اعظم مودی کو لکھے گئے خط کے ذریعے یہ کہا گیا ہے کہ سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔