بہار الیکشن میں جے ڈی یو کو مکمل اکثریت حاصل ہوگی:حبیب اللہ ہاشمی

دربھنگہ:بہار الیکشن جوں جوں قریب آرہا ہے سیاسی جماعتوں، ان کے رہنماؤں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتاجا رہاہے اور لیڈران اپنی پارٹیوں کی دعوے داری کو سب سے مضبوط مان رہے ہیں۔ اسی ضمن میں سابق ضلع پریشد رکن اورجنتا دل یونائٹیڈ اقلیتی سیل کے ریاستی جنرل سکریٹری حبیب اللہ ہاشمی نے ایک اخباری بیان کے ذریعے آنے والے اسمبلی الیکشن میں جے ڈی یو کی سوفیصد کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ نتیش کمار کی قیادت پر بہار کی اقلیتوں کو مکمل اعتماد ہے اور آنے والے الیکشن میں انہی کو کامیابی حاصل ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار کے دور اقتدار میں انصاف کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کا کام کیا گیا ہےاور بلا کسی بھید بھاؤ کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل در آمد ہوا ہے۔ حبیب اللہ ہاشمی نے کہا کہ نتیش کمار کی قیادت میں ہی بہار کی ترقی ممکن ہے۔ آزادی کے بعد سے جن لوگوں کے ہاتھوں میں بہار کی حکومت رہی ہے انھوں نے صرف عوام کا استحصال کیا ہے۔ ہاشمی کا کہنا تھا کہ نتیش کمار ہی ملک کے وہ واحد لیڈر ہیں جو نام سے نہیں، کام کی بنیاد پر جا نے جاتے ہیں۔ نتیش کمار کے دور اقتدار میں بہارمیں چوطرفہ ترقی ہوئی ہے، گاؤں گاؤں بجلی کی فراہمی ، سڑک کی تعمیر اور جرائم پر جس طرح قابو کیا گیا ہے وہ اپنے آپ میں ایک مثال ہے۔ حبیب اللہ ہاشمی نے کہا کہ متھلانچل میں سابق مرکزی وزیرعلی اشرف فاطمی کی جد وجہد سے پارٹی بہت مضبوط ہوئی ہے اور ان کی قیادت میں متھلانچل کی اقلیت، دلت وپسماندہ طبقات متحد ہوکر جد یوکی حمایت میں کھڑے ہیں۔ ہاشمی نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخاب میں جنتا دل یونائٹیڈ کو سبھی سیٹوں پر کامیابی ملے گی۔