Home قومی خبریں جمعیۃعلماء ہند کی طرف سے احمد پٹیل،ڈاکٹر کلب صادق اور اہلیہ محترمہ حضرت علامہ انظر شاہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار

جمعیۃعلماء ہند کی طرف سے احمد پٹیل،ڈاکٹر کلب صادق اور اہلیہ محترمہ حضرت علامہ انظر شاہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار

by قندیل

نئی دہلی:جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری اور جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے کانگریس پارٹی کے اہم رکن اور خازن جناب احمد پٹیل کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ان کی مغفرت اور درجات علیا کے لیے خصوصی دعاء کی ہے۔مرحوم کانگریس پارٹی کے پرانے خادم، باشعور سیاست داں اور دیانت دار پالیسی ساز تھے، جنھوں نے ہمیشہ کسی عہدے کی تمنا اور لالچ کیے بغیر ا پنی پارٹی اور اس کی صدر سونیا گاندھی کی خدمت کی۔ان کی ز ندگی کی سب سے ممتاز خصوصیت یہ ہے کہ وہ اقتدار کی کنجی کے نگہ باں ہونے کے باوجود ہمیشہ لو پروفائل رہے اور سیاست کے مرکز میں رہ کر بھی خود کو نمایاں بننے کی کوشش نہ کی۔
احمد پٹیل مرحوم، جمعیۃ علماء ہند کے سابق صدر حضرت فدائے ملت مولانا اسعد مدنی ؒ سے خاص تعلق رکھتے تھے اور حضرت فدائے ملت ؒ سے ملاقات کے لیے بارہا دفتر جمعیۃ علماء ہند حاضر ہوتے۔ ان کو جمعیۃ علماء ہند کے اکابر کی افکار و آرا سے بھی یک گونہ تعلق تھا، شروع میں وہ اپنی ریاست گجرات میں مولانا عبدالصمد واکانیریؒ سابق صدر جمعیۃ علماء گجرات کے قریب تھے، مولانا عبدالصمد مرحوم نے ہی حضرت فدائے ملت ؒ سے ان کی ملاقات کرائی تھی۔ان کی وفات کی خبر موصول ہوتے ہی جمعیۃ علماء ہند کا ایک وفد میدانتا ہسپتال گروگرام پہنچا اور ان کے متعلقین کی خدمت میں جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے تعزیت پیش کی، وفد میں مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند، مفتی سلیم احمد بنارسی، جمعیۃ یوتھ کلب کے مولانا عبدالہادی، محمد آصف، واعظ امن، شفیع اللہ وغیرہ شامل تھے۔
دوسری طرف صدر جمعیۃ علماء ہند اور ناظم عمومی نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صد ر اور معروف شیعہ عالم ڈاکٹر کلب صادق کی وفات حسر ت آیات پر رنج والم کا اظہار کیا ہے، جمعیۃ علماء ہند ان کی مختلف تعلیمی، رفاہی اور ملی کوششوں کو بنگاہ قدر دیکھتی ہے، وہ بلاشبہ اس دور میں ملت کی شیرازہ بندی کے علم بردار تھے، جمعیۃ علماء ہند کی دعوت پر مختلف اجلاسوں اور کانفرنسوں میں شریک ہوتے رہے۔ اس مصیبت اور دکھ کے وقت میں جمعیۃ علماء ہند ان کے اہل خانہ و متوسلین سے تعزیت کا اظہار کرتی اور یک جہتی کا اظہار کرتی ہے۔
اس درمیان دیوبند سے بھی یہ دکھ دینے والی خبر موصول ہوئی کہ حضرت مولانا انظرشاہ صاحب کشمیری ؒ سابق شیخ الحدیث دارالعلوم وقف دیوبند کی اہلیہ محترمہ کا ارتحال ہو گیا۔ جمعیۃ علماء ہند ان کے جملہ پسماندگان بالخصو ص حضرت مولانا احمد خضر شاہ مسعودی دامت برکاتہم کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتی ہے، اللہ تعالی ان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحومہ کو درجات علیا سے سرفراز فرمائے (آمین)

You may also like

Leave a Comment